ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کا مقصد حکومتی آمدنی میں اضافہ ہے وزیر خزانہ

آئی ایم ایف سے قرضوں کی ری شیڈولنگ یا مذاکرات کے متعلق سوال کا جواب دینے سے گریز۔


Business Reporter March 15, 2013
آئی ایم ایف سے قرضوں کی ری شیڈولنگ یا مذاکرات کے متعلق سوال کا جواب دینے سے گریز۔ فوٹو : اے پی پی / فائل

وفاقی وزیر خزانہ سلیم ایچ مانڈوی والا نے کہا ہے کہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کا مقصد حکومتی آمدنی میں اضافہ کرنا ہے اور اسی لیے حکومت نے عالیشان بنگلوں اور بڑی گاڑیوں میں گھومنے والے افراد کی نشاندہی کی تھی۔

گزشتہ شب کراچی میں ایک تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف مالی معاونت کرنے والا ایک بین الاقوامی ادارہ ہے اور ضرورت کے تحت پاکستان کے آئی ایم ایف سے مذاکرات چلتے رہتے ہیں تاہم انہوں نے آئی ایم ایف سے قرضوں کی ری شیڈولنگ یا کسی بھی قسم کے مزید مذاکرات کے متعلق سوال کا جواب دینے سے گریز کیا۔

5

وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے پانچ سال میں معاشی پالیسی کی ایسی بنیاد رکھ دی ہے کہ آئندہ آنے والی حکومت کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں ہوگا، حکومت نے اپنی آمدنی میں اضافے کے لیے ٹیکس نیٹ میں توسیع کے اقدامات کیے ہیں اور اب وفاق کی ٹیکس وصولی دگنا ہوکر 1 ہزار ارب روپے سے بڑھ کر 2 ہزار ارب روپے تک پہنچ گئی ہے، موجودہ جمہوری حکومت نے این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کو 500 ارب روپے دیے، ترقی کیلیے مختلف مصنوعات کی پیداوار کے ساتھ ان کی موثر مارکیٹنگ بھی انتہائی ضروری ہے۔