عمران خان سیاست کیلیے اہل یا نااہل، بڑا فیصلہ کچھ دیربعد

ویب ڈیسک  جمعـء 15 دسمبر 2017
سپریم کورٹ نے کیس کا فیصلہ 14 نومبر کو محفوط کیا تھا۔  فوٹو : فائل

سپریم کورٹ نے کیس کا فیصلہ 14 نومبر کو محفوط کیا تھا۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: سپریم کورٹ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور جہانگیر ترین نااہلی کیس کا فیصلہ آج سنائے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی کے لیے سپریم کورٹ میں دو درخواستیں دائر کی گئی تھیں جن کا فیصلہ آج دوپہر 2 بجے سنایا جاناتھا۔

قبل ازیں 14 نومبر کو چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں عمران خان نااہلی کیس کی سماعت کے دوران اپنے ریمارکس میں چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ دیکھنا یہ ہے کہ کیا عمران خان بے ایمان آدمی ہیں کہ نہیں جب کہ برسوں بعد کاروباری لین دین میں قانون کی خلاف ورزی پر کسی کو نااہل کیسے کردیں؟ بعد ازاں عدالت نے کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف دو درخواستیں دائر کررکھی ہیں جن میں انہوں نے موقف اپنایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو آرٹیکل 63،62 کے تحت نااہل کیا جائے کیوں کہ انہوں نے 2013ء میں اپنے کاغذات نامزدگی میں بنی گالہ کی اراضی سے متعلق جھوٹ بولا۔

عدالت میں دائر دوسری درخواست میں کہا گیا کہ عمران خان کی پارٹی فارن فنڈنگ سے چلتی ہے جب کہ پاکستان کے قانون کے تحت کوئی بھی فارن فنڈنگ پارٹی ملک میں انتخابات لڑنے کے اہل نہیں ہوسکتی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔