انشورنس کمپنیوں کو ایجنٹس کی تربیت یقینی بنانے کی ہدایت

30 ستمبر سے غیر تربیت یافتہ ایجنٹس کی پالیسیوں کو تسلیم نہیں کیا جائیگا، ایس ای سی پی


Business Reporter March 16, 2013
کمیشن بھی نہیں دیا جائیگا، بیمہ کمپنیاں غیر تربیت یافتہ ایجنٹ بھرتی نہ کریں، سرکلر جاری۔ فوٹو ڈیزائن: جمال خورشید/ فائل

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے تمام انشورنس کمپنیوں کو اپنے بیمہ ایجنٹوں کے لیے پیشہ ورانہ تربیت لازمی طور پر مکمل کرانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

ایس ای سی پی کے انشورنس ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ سرکلر میں انشورنس کمپنیوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ 30 ستمبر2013 سے پیشہ ورانہ تربیت کا کورس مکمل نہ کرنے والے تمام غیرتربیت یافتہ بیمہ ایجنٹوں کی توسط سے کی گئی بیمہ پالیسیوں پر پابندی عائد کر دی جائے گئی جبکہ غیر تربیت یافتہ ایجنٹوں کو کمیشن کی ادائیگیاں بھی روک دی جائیں گی۔

سرکلر میں انشورنس کمپنیوں کویہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بیمہ ایجنٹوں کی تربیتی کورس کرانے کا انتظام کریں اور کسی ایسے شخص کی بیمہ ایجنٹ کی حیثیت سے تقرری نہ کریں جس نے مطلوبہ تربیتی کورس مکمل نہ کیا ہو۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ بیمہ کاری کے کاروبار میں انشورنس ایجنٹ اہم ترین ذمہ داری انجام دیتا ہے، بیمہ ایجنٹ صارفین کو بیمہ پالیسی کی خریداری کے لیے قائل کرتا ہے اور کمپنی کے نمائندے کی حیثیت سے ہی پالیسی ہولڈر سے رابطے میں رہتا ہے۔

3

اس تناظر میں بیمہ ایجنٹوں کا انشورنس کے قوانین اور قواعد سے متعلق آگہی وپیشہ ورانہ تربیت کا حصول وقت کی اہم ضرورت ہے، انشورنس آرڈیننس مجریہ 2000 کے تحت ایس ای سی پی کی جانب سے جاری کیے گئے انشورس قواعد2002 کی دفعہ 26 کے تحت جنرل انشورنس کمپنیوں کے ایجنٹوں کے لیے پاکستان انشورنس انسٹیٹیوٹ کے ذریعے فائونڈیشن کورس 3 سال کے عرصے میں مکمل کرنا لازم ہے جبکہ لائف انشورنس ایجنٹوں کے لیے 3 ماہ کا تربیتی کورس مکمل کرنا لازمی ہے، انشورنس ایجنٹوں کے لیے تربیتی کورس کا اہتمام کرنا انشورس کمپنیوں کی ذمے داری ہے۔