ڈیزل پارک جیم جیولری سیکٹرمیں بیرونی سرمایہ کاری آئیگی

وفاقی وزارت تجارت نے شعبے کو پالیسی رکاوٹیں جلد دور کرنے کا یقین دلادیا، سعید مظہر


Business Reporter March 16, 2013
وفاقی وزارت تجارت نے شعبے کو پالیسی رکاوٹیں جلد دور کرنے کا یقین دلادیا، سعید مظہر فائل فوٹو

پاکستان میں جیم اینڈ جیولری ڈیزل پارک کی تعمیر اور پالیسیوں کو بہتر بناکر 1 ارب ڈالر کی موجودہ برآمدات 2 سے 3 سال میں باآسانی 5 ارب ڈالر تک پہنچ جائیگی۔

ڈیزل پارک کی تعمیر سے پاکستان میں جیم اینڈ جیولری سیکٹر کی ترقی اور اس شعبے میں غیرملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی، وفاقی وزارت تجارت نے جیم اینڈ جیولری سیکٹر کو درپیش پالیسی رکاوٹوں کو دور کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔ پاکستان جیم مرچنٹس اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین سعید مظہر علی نے بتایا کہ ایسوسی ایشن کی جانب سے وزارت تجارت کو ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ذریعے جیم اینڈ جیولری سیکٹر کی ترقی اور پالیسیوں سے متعلق ایشوز کے حل کی تجاویز ارسال کردی گئی ہیں، سیکریٹری تجارت منیر قریشی نے ان تجاویز پر غور اور مسائل کے جلد از جلد کی یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیم اینڈ جیولری سیکٹر کے لیے مخصوص ڈیزل پارک کی تعمیر کے منصوبے پر 8 سال سے کام جاری تھا تاہم موجودہ حکومت نے اس منصوبے کی اہمیت کا اندازہ کرتے ہوئے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا جس سے پاکستان کی جیم اینڈ جیولری انڈسٹری کی ترقی کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے لیے ماہر کنسلٹنٹ کی تقرری کا عمل جلد مکمل کرلیا جائے گا جس کے بعد منصوبے کا ماسٹر پلان تیار کرکے عملی کام شروع کردیا جائے گا۔

5

ڈیزل پارک میں ایکسپورٹ انڈسٹری کے لیے خام مال ڈیوٹی فری درآمد کیا جائے گا جسے سونے کے زیورات اور جواہرات کی شکل میں ایکسپورٹ کرکے زرمبادلہ کمایا جائے گا، 16.25ایکڑ رقبے پر تعمیر ہونے والے اس منصوبے میں50کمروں کے فائیو اسٹار ہوٹل کی تعمیر بھی کی جائیگی تاکہ جیم انڈسٹری سے متعلق مقامی اور غیرملکی تاجروں کو ڈیزل پارک میں ہی قیام کی محفوظ سہولت مہیا کی جا سکے، اس کے علاوہ کسٹم، پانی بجلی گیس سمیت تمام متعلقہ اداروں کی ون ونڈو آپریشن کی سہولت بھی مہیا کی جائیگی۔

انہوں نے بتایا کہ منصوبے میں ایک سیف ہاؤس بھی تعمیر کیا جائے گا جہاں جیولرز اور ایکسپورٹرز اپنا قیمتی مال لاکرز میں رکھ سکیں گے، پاکستان میں سیکیورٹی مسائل جیم اینڈجیولری سیکٹر کی ترقی اور سرمایہ کاری میں سب سے بڑی رکاوٹ بن رہے تاہم اب ائرپورٹ سے قریب محفوظ مقام پر اس منصوبے کی تعمیر سے پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری کو بھی فروغ حاصل ہوگا ۔ انہوں نے بتایا کہ سیکریٹری تجارت نے دو ہفتوں میں جیم اینڈ جیولری سیکٹر سے متعلق تجاویز پر غور کرتے ہوئے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرادی ہے۔