تاجروں سے رقم لیکر بھتہ خوروں کو دینے والوں کی فہرست مرتب کر لی رینجرز

 رینجرز حالات سے غافل نہیں، بھتہ خوری کے5 واقعات میں3 گروپوں کا پتہ چلا، ایک گروپ کو گرفتار کر لیا، کرنل عدنان اجمل


Ehtisham Mufti December 26, 2017
تاجروں میں موجود بھتہ خوروں کے سہولت کاروں اور ساتھیوں کو بے نقاب کیا جائے گا، عتیق میر کی ایکسپریس سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

رینجرز نے کراچی کے تاجروں سے بھتہ وصول کرکے بھتہ خور گرپوں تک پہنچانے میں ملوث افراد کی فہرست مرتب کرلی ہے۔

سیکٹر کمانڈر عبداللہ شاہ غازی رینجرز کرنل محمد عدنان اجمل نے تاجر رہنما عتیق میر کی قیادت میں ملاقات کے لیے آنے والے چھوٹے تاجروں کے وفد سے اجلاس میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ دوران اجلاس بتایا گیا کہ رینجرز نے بھتہ خوری کے 5 واقعات میں سے 3 بھتہ خور گروپوں کا پتہ چلا لیا ہے جس میں ایک گروپ کے کارندوں کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔

رینجرز افسران نے تاجروں سے کہا کہ وہ بھتہ خوری کے ایک آدھ واقعے سے گھبرانے کے بجائے رینجرز حکام سے فوری رابطہ کریں اسٹریٹ کرائم سمیت دیگر جرائم کی روک تھام کے لیے بھی رینجرز اور پولیس نے مشترکہ حکمت عملی مرتب کرلی ہے جس کے تحت پولیس کے اعلیٰ افسران کی مشاورت سے مشترکہ آپریشن کا آغاز کیا جارہاہے۔

رینجرز نے جرائم کے خلاف آپریشن میں تاجر برادری کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ امن وامان کی مستقل بہتری کے لیے تاجروں ، شہریوں اور رینجرز کے مابین باہمی روابط کا موثر نظام بھی متعارف کرایا جارہا ہے۔

اس سلسلے میں کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے ایکسپریس کے استفسار پر بتایا کہ تاجروں میں موجود بھتہ خوروں کے سہولت کاروں اور ساتھیوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔ قانون کے مطابق ایسی کالی بھیڑوں اور سازشی عناصر کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے انھوں نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ پولیس اور رینجرز کے ہاتھوں بھتہ خوروں کا ایک گروپ گرفتار ہوچکا ہے جبکہ دیگر کی بھی نشاندہی ہوچکی ہے۔

عتیق میر نے بتایا اجلاس میں رینجر حکام کو شہر بھر کی مارکیٹوں کے نمائندوں سے مستقل رابطے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ شہر میں چھوٹے بھتہ خور گروپوں کا قلع قمع کیا جاسکے، انھوں نے بتایا کہ رینجرز کو اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ چھوٹے تاجروں کو بھتہ خوری کی بیخ کنی کے لیے سپاہی کا کردار ادا کرنا پڑا تو وہ اس سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔

مقبول خبریں