فاٹا كے مستقبل سے متعلق اہم اعلان آئندہ ہفتے متوقع

ویب ڈیسک  جمعـء 5 جنوری 2018
فاٹا كو فوری طور پر خیبرپختونخوا میں ضم كرنے كے امكانات كم ہیں، فوٹو : فائل

فاٹا كو فوری طور پر خیبرپختونخوا میں ضم كرنے كے امكانات كم ہیں، فوٹو : فائل

پشاور: وفاقی حكومت كی جانب سے آئندہ ہفتے فاٹا كے مستقبل كے بارے میں اہم فیصلہ كیے جانے كا امكان ہے جس میں فاٹا کو فی الوقت کے پی کے میں شامل کرنے کا امکان نہیں۔

وفاقی حكومت كے ذرائع سے معلوم ہوا كہ مركزی حكومت فاٹا سے متعلق معاملات كو حتمی شكل دینے جارہی ہے جس كے لیے فاٹا كو خیبر پختونخوا میں ضم كرنے یا ضم كیے بغیر وہاں اصلاحاتی عمل شروع کرنے، فاٹا كونسل قائم كرتے ہوئے معاملا ت كو چلانے یا صوبائی اسمبلی كے انتخابات کے ذریعے قبائلی نمائندوں كو کے پی کے اسمبلی میں نمائندگی دینے كے آپشنز پر كام جاری ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام عوام کی دیرینہ خواہش ہے، پرویز خٹک

ذرائع نے بتایا كہ امكان ہے كہ آئندہ ہفتے اس سلسلے میں بریک تھرو ہوگا اوروزیراعظم فاٹا سے متعلق اہم اعلان كرسكتے ہیں تاہم فاٹا كو فوری طور پر خیبرپختونخوا میں ضم كرنے كے امكانات كم ہیں بلكہ اس کے بجائے 5 سال تک وہاں اصلاحاتی عمل جاری ركھنے اور ترقیاتی، اصلاحاتی عمل اور دیگر امور كی نگرانی كے لیے فاٹا كونسل كا قیام عمل میں لایا جاسكتا ہے۔

اس پروگرام کے سربراہ گورنر کے پی کے ہوں گے تاہم قبائلی عوام كو اظہار رائے كا حق دینے كے لیے وہاں پر صوبائی اسمبلی كے انتخابات كا انعقاد كرتے ہوئے قبائلیوں كو خیبر پختونخوا اسمبلی میں نمائندگی دی جائے گی جو فاٹا كے خیبر پختونخوا میں انضمام كے حوالے سے ابتدا ہوگی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :فاٹا كو فی الفور كے پی میں ضم کرنے کی قرار داد منظور

ذرائع کا کہنا تھا کہ وزارت سیفران اور دیگر متعلقہ وزارتیں اور محكمے اس سلسلے میں تیزی كے ساتھ كام كررہے ہیں كیوں كہ اب اس معاملے كو مزید ٹالا نہیں جاسكتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔