مشکلات سے دوچار وزیراعلیٰ بلوچستان کا نواز شریف سے رابطہ

میرے خلاف تحریک عدم اعتماد آئندہ انتخابات میں نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے، ثنااللہ زہری


ویب ڈیسک January 07, 2018
میرے خلاف تحریک عدم اعتماد آئندہ انتخابات میں نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے، ثنااللہ زہری فوٹو : فائل

وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنااللہ زہری نے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد نوازشریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق عام انتخابات سے قبل بلوچستان اسمبلی شدید بحران کا شکار ہوگئی ہے، ایک جانب وزیراعلیٰ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک اسمبلی میں پیش کردی گئی ہے اور دوسری جانب وزرا اور مشیران نے بھی استعفے جمع کرانا شروع کردیئے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: بلوچستان میں سیاسی بحران سنگین؛ کابینہ کے مزید 2 ارکان مستعفی

2 جنوری کو رکن صوبائی اسمبلی میرعبدالدوس بزنجونے سیکرٹری بلوچستان اسمبلی کے پاس وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی درخواست جمع کرائی تھی جس پر 14 ارکان اسمبلی کے دستخط موجود تھے۔ جب کہ 5 جنوری کو بلوچستان کابینہ کے 2 ارکان راحت جمالی اور عبدالماجد ابڑو نے اپنے استعفے گورنر بلوچستان کو جمع کرادیئے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع

بلوچستان میں موجودہ صورتحال سے پریشان صوبے کے وزیراعلیٰ ثنااللہ زہری نے سابق وزیراعظم نوازشریف سے رابطہ کرلیا ہے، ٹیلی فونک رابطے میں بلوچستان حکومت اور تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف سے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد آئندہ انتخابات میں نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان سے وزیر دفاع خرم دستگیر نے ملاقات کی جس میں وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ جمہوری طریقے سے تحریک عدم اعتماد کا مقابلہ کریں گے کیوں کہ ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں جب کہ جمہوریت مخالف عناصر کو شکست ہوگی۔

مقبول خبریں