کنگ خان نے ایک اور ایوارڈ اپنے نام کرلیا

ویب ڈیسک  جمعـء 12 جنوری 2018
ان خوبصورت اور عظیم خواتین کے ساتھ اپنے کام کو ایک اعزاز سمجھتا ہوں،شاہ رخ خان ٹوئٹ ۔فوٹو: فائل

ان خوبصورت اور عظیم خواتین کے ساتھ اپنے کام کو ایک اعزاز سمجھتا ہوں،شاہ رخ خان ٹوئٹ ۔فوٹو: فائل

 ممبئی: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے سماجی خدمات پر سال 2018ء کا کرسٹل ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوئٹزر لینڈ میں ورلڈ اکنامک فورم کے تعاون سے ہر سال  ایوارڈ کی تقریب منعقد کی جاتی ہے جس میں دنیا بھر میں سماجی خدمات سرانجام دینے والے سرفہرست افراد کو کرسٹل ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے جب کہ اس بار یہ ایوارڈ تین شخصیات کو دیا جارہا ہے جن میں ہالی ووڈ کی اداکارہ کیٹ بلینچیٹ، برطانوی موسیقار سر ایلٹن جان اور بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان شامل ہیں، اس ایوارڈ کے تحت کنگ خان کی بچوں اور خواتین کے حقوق کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا گیا ہے۔

کنگ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ آپ کی عزت افزائی کا بہت شکریہ۔ میں ان خوبصورت اور عظیم خواتین کے ساتھ اپنے کام کو ایک اعزاز سمجھتا ہوں کیوں کہ یہ میری زندگی کے مقاصد میں شامل ہے۔ میں پراُمید ہوں کہ ان خواتین کے لیے آگاہی پھیلا سکوں جنہوں نے عزم وہمت کا بے مثال کردار ادا کیا ہے۔ توقع ہے کہ یہ آگاہی آگے تک وسیع ہوکر اپنے انجام تک پہنچے گی۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان کو ’کرسٹل ایوارڈ‘  ان کی غیر منافع بخش تنظیم ’میر فاؤنڈیشن‘ کی خدمات پر دیا گیا ہے، یہ تنظیم تیزاب گردی کی شکار خواتین کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ انہیں قانونی مدد، روزگار کی تربیت اور اس صدمے سے بحالی کی سہولت فراہم کرتی ہے اور کینسر میں مبتلا بچوں کو اسپتالوں میں خصوصی وارڈ بنا کران کا علاج کراتی ہے۔

خیال رہے کہ شاہ رخ خان سمیت تینوں شخصیات کو یہ ایوارڈ 22 جنوری کو ڈیوس میں منعقدہ ورلڈ اکنامک فورم کی تقریب میں دیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔