پاکستانی امیدوں کا محل آسٹریلوی حملوں سے تباہ

لندن اولمپکس کے ہاکی ایونٹ میں میڈل جیتنے کا خواب سراب ثابت ہوا.


Sports Desk August 08, 2012
پاکستان کیخلاف فیلڈ ہاکی کے ابتدائی رائونڈ میچ میں آسٹریلوی کھلاڑی رسل فورڈ گیند کوجال کی راہ دکھا رہے ہیں، ان کی ٹیم نے مقابلے میں 7-0 سے فتح پائی (فوٹو ایکسپریس)

ریت سے بنا پاکستانی اُمیدوں کا محل آسٹریلوی حملوں سے تباہ ہو گیا، لندن اولمپکس کے ہاکی ایونٹ میں میڈل جیتنے کا خواب سراب ثابت ہوا،ورلڈ چیمپئن نے7-0 کی فتح سے سیمی فائنل میں جگہ پکی کرلی، یلو شرٹس کے پلٹنے اور جھپٹنے کے مناظر دیکھ کر پاکستانی کھلاڑی خصوصاًگول کیپر عمران شاہ بے بسی کی تصویر بنے رہے، آسٹریلیا نے ابتدائی6 منٹ میں ہی دو گول داغ کر مقابلے کا رخ اپنی جانب موڑ لیا، کرسٹوفر سریلو نے دو مرتبہ گیند کو جال کی راہ دکھائی۔

جیمی ڈائر نے اپنے گول پوسٹ پر ایک ساتھ حملہ آور ہونے پانچ کھلاڑیوں کے دانت کھٹے کیے۔ بیجنگ اولمپکس کے بعد لندن گیمز کو اپنا ہدف قرار دینے والوں کے دعوئوں کا پول کھل گیا، لندن سے بوریا بسترگول ہونے سے قبل گرین شرٹس اب کلاسیفکیشن میچ کھیلیں گے،آسٹریلیا اب فائنل میں جگہ بنانے کیلیے دفاعی اولمپک چیمپئن جرمنی سے دودو ہاتھ کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم کو فائنل فور میں جانے کیلیے لازمی فتح درکار تھی جبکہ آسٹریلیا اگر میچ ڈرا بھی کرلیتا تب بھی سیمی فائنل میں پہنچ جاتا۔ ارجنٹائن اور پھر جنوبی افریقہ کے خلاف کامیابی سے گرین شرٹس نے قوم کی توقعات بہت بڑھا دی تھیں، شائقین کو لندن گیمز میں واحد پاکستانی میڈل کی امید دکھائی دینے لگی مگر ٹیم نے امیدوں کا یہ محل اپنے ہاتھوں سے ہی روند ڈالا ۔ میدان میں اترتے ہی کھلاڑیوں پر آسٹریلیا کی ہیبت طاری ہوگئی اور انھوں نے مقابلے کے آغاز سے قبل ہی ذہنی طور پر شکست کو قبول کرلیا، جوش اور ولولے سے عاری ٹیم کو ابتدائی 6 منٹ میں ہی آسٹریلیا نے اپنے شکنجے میں کستے ہوئے دوگول کی برتری حاصل کرلی۔

پانچویں منٹ میں پنالٹی کارنر ری بائونڈ پر لیام ڈی ینگ نے گیند کو جال میں پھینک کر اپنی ٹیم کا کھاتہ کھولا،چند ہی لمحوں بعد سرکل میں دفاعی فائول پر ملنے والے پنالٹی شوٹ کو مارک ناولز نے گول میں تبدیل کرکے برتری 2-0 کردی، وقفے سے 7 منٹ قبل گرین شرٹس کو اچانک جوش آیا اور ایک ساتھ پانچ کھلاڑی گیند لے کر آسٹریلوی گولڈ پوسٹ پر جھپٹے مگر اس کائونٹر اٹیک کو آسٹریلیا کے سینئر کھلاڑی جیمی ڈائر نے ناکام بنا دیا، اس موقع پر پاکستان کو پریشر بڑھانے کی ضرورت تھی مگر کائونٹر اٹیک ناکام ہونے سے بچے کھچے حوصلے بھی کنارے لگنے لگے یوں کرسٹوفر نے پنالٹی کارنر پر گیند کو پوری قوت سے جال میں پھینک دیا۔

33 ویں منٹ میں پھر کرسٹوفر نے سرکل کے ٹاپ پر سے گیند کو اس قوت سے گول پوسٹ میں پھینکا کہ گول کیپر عمران شاہ سمجھ ہی نہیں پائے کہ گیند آخر گزری کس طرف سے ہے۔ پہلے ہاف کا اختتام پاکستان کے 0-4 کے خسارے کے ساتھ ہوا اوروقفے کے بعد بھی قسمت نے پلٹا نہیں کھایا، کھیل شروع ہونے کے تھوڑی ہی دیر بعد رسل فورڈ نے شاندار گول کیا، 6 منٹ بعد جیمی ڈائر نے گول کیا جبکہ 70 ویں منٹ میں گلین ٹرنر نے ٹیم کا ساتواں گول کرکے پاکستانی ٹیم کی رسوائی کا عمل مکمل کیا۔

اختتامی وسل کے ساتھ ہی گرین شرٹس کے چہرے شرمندگی سے جھک گئے اور بیجنگ اولمپکس کے بعد لندن گیمز کو اپنا ٹارگٹ قرار دینے والوں نے 2016 کے ریوڈی جنیرو اولمپکس کو اپنا اگلا ہدف قرار دینے کا ذہن بنانا شروع کردیا۔ پاکستان ٹیم اب کلاسیفکیشن میچ کھیلے گی جبکہ آسٹریلیا سیمی فائنل میں دفاعی اولمپک چیمپئن جرمنی سے مقابلہ کرے گا۔ پول بی سے نیدر لینڈ کی ٹیم پہلے ہی ناقابل شکست رہتے ہوئے فائنل فور میں جگہ بنا چکی ہے۔ دریں اثنا بھارتی سائیڈ کو ایونٹ میں مسلسل پانچویں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، اس بار بیلجیئم نے 3-0 سے ہاتھ صاف کیا، ارجنٹائن نے جنوبی افریقہ کو6-3 سے مات دی، نیدرلینڈز نے جنوبی کوریا کو 4-2 سے ہرایا۔