بھارتی آرمی چیف کا بیان پست ذہنیت کی عکاسی ہے، دفتر خارجہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 13 جنوری 2018
پاکستان اپنے دفاع کے لیے ہمہ وقت مکمل طور پر تیار ہے،ترجمان دفتر خارجہ،فوٹو:فائل

پاکستان اپنے دفاع کے لیے ہمہ وقت مکمل طور پر تیار ہے،ترجمان دفتر خارجہ،فوٹو:فائل

 اسلام آباد: دفتر خارجہ نے بھارتی آرمی چیف کے پاکستان مخالف بیان کو انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور دھمکی آمیز قرار دیا ہے۔

بھارتی آرمی چیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان ان کی پست ذہن کی عکاسی کرتا ہے جس نے پورے بھارت کو جکڑا ہوا ہے بھارتی فوجی سربراہ کا بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور دھمکیوں سے لبریز ہے ایسے معاملات کو آسان نہیں لینا چاہیے۔

ترجمان نے کہا کہ غلط اندازوں کی بنیاد پر کسی مہم جوئی سے پرہیز کرنا چاہیے پاکستان اپنے دفاع کے لیے ہمہ وقت مکمل طور پر تیار ہے۔

یہ پڑھیں: بھارت ہمارا عزم آزمانہ چاہتا ہے تو آزما لے نتیجہ وہ خود دیکھے گا، ترجمان پاک فوج

واضح رہے کہ بھارتی آرمی چیف نے بیان دیا تھا کہ پاکستان کو تکلیف کا احساس دلاتے رہنا ہماری پالیسی ہے جس کے جواب میں پاک فوج نے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں جوہری ریاستوں کے درمیان جنگ کی کوئی گنجائش نہیں، بھارت ہمارا عزم آزمانا چاہتا ہے تو آزمالے لیکن اس کا نتیجہ وہ خود دیکھے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔