قومی ٹیم کی بیٹنگ كی ناكامی سے مایوسی ہوئی مکی آرتھر

نیٹ میں كھلاڑی بہت محنت كرتے ہیں لیكن بیٹنگ ٹریک پر نہیں آرہی، ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم


Sports Reporter January 15, 2018
ہمیں كیوی كنڈیشنز میں بھی بہتر كاركردگی دكھانے كا ہنر سیكھنا ہے، مکی آرتھر ۔ فوٹو : فائل

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ گرین شرٹس کی بیٹنگ كی ناكامی سے مایوسی ہوئی تاہم بطور كوچ ہمت نہیں ہارا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کی بیٹنگ كی ناكامی سے مایوسی ہوئی تاہم بطور كوچ ہمت نہیں ہارا، اگلے میچ میں مختلف كمبی نیشن آزما كر بہتر كاركردگی پیش كرنے كی كوشش كریں گے، عالمی كركٹ میں اپنی ساكھ برقرار ركھنے كے لئے ہمیں كیوی كنڈیشنز میں بھی بہتر كاركردگی دكھانے كا ہنر سیكھنا ہے۔ انہوں نے كہا كہ اگرچہ پاكستان ٹیم سری لنكا كے خلاف سیریز كے بعد كوئی ون ڈے كركٹ نہیں كھیلی، زیادہ تر کھلاڑیوں كو ٹی ٹوئنٹی میچز میں شركت كا موقع ملا لیکن اس چیز كو میں جواز كے طور پر پیش نہیں كررہا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :نیوزی لینڈ نے تیسرے ون ڈے میں پاکستان کو ہرا دیا

مكی آرتھر نے كہا كہ نیٹ میں كھلاڑی بہت محنت كرتے ہیں لیكن بیٹنگ ٹریک پر نہیں آرہی، چوتھے میچ سے قبل كھلاڑیوں كو اعتماد دینے كی پوری كوشش كررہے ہیں، باصلاحیت ہیں لیكن تھوڑا ہمت دكھاكر مثبت ذہن كے ساتھ كیوی بولرز كا سامنا كرنا ہوگا۔ انہوں نے چوتھے ایک روزہ میچ میں ٹیم میں تبدیلیوں كا بھی اشارہ دے دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :سرفراز نے ٹیم میں تبدیلیوں كا اشارہ دے دیا

واضح رہے چیمپئنز ٹرافی كی فاتح پاكستان ٹیم 3 ون ڈے میچز ہارنے كی وجہ سے میزبان نیوزی لینڈ سے سیریز بھی ہار چكی ہے لیكن ہیڈ كوچ مكی آرتھر كو امید ہے كہ ٹیم كم بیک كرے گی اوركھلاڑی ابھی متحرک ہیں۔