ورکنگ باؤنڈری پر اشتعال انگیزی؛ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفترخارجہ طلبی

ویب ڈیسک  جمعرات 18 جنوری 2018
 بھارتی عزائم خطے کے امن کے لئے خطرہ ہیں، پاکستان۔ فوٹو : فائل

بھارتی عزائم خطے کے امن کے لئے خطرہ ہیں، پاکستان۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کرکے ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی اشتعال انگیزی اور دو پاکستانی خواتین کی شہادت پر شدید احتجاج کیا ہے۔

دفترخارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ  کو دفتر خارجہ طلب کرکے ورکنگ باؤنڈری پر سیالکوٹ کے چھپراڑ اور کنڈن پور میں سول آبادی پر بھارتی فورسز کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ اور 2 خواتین کی شہادت پر شدید احتجاج کیا گیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی سے 2 خواتین شہید

دفترخارجہ کے مطابق ڈی جی ساؤتھ ایشیا اینڈ سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکواحتجاجی مراسلہ بھی دیا جس میں کہا گیا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ایل اوسی و ورکنگ باؤنڈری پر صورتحال خراب ہورہی ہے، بھارت مسلسل لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری کی خلاف ورزی کررہا ہے جو 2002 کے سیز فائر معاہدے سمیت عالمی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے، بھارتی عزائم خطے کے امن کے لئے خطرہ ہیں۔ پاکستان کسی بھی جارحیت اور ملکی حدود کی خلاف ورزی کا دفاع کرنے کے ساتھ ساتھ جوابی کارروائی پر اپنا حق محفوظ رکھتا ہے۔

واضح رہے بھارتی فورسز نے ورکنگ باؤنڈری پر سیالکوٹ کے چھپراڑ اور کنڈن پور گاؤں میں سول آبادی کو نشانہ بنایا۔ جس کے نتیجے میں 2 خواتین شہید جب کہ 3 خواتین سمیت پانچ شہری زخمی ہوگئے۔ پاکستان رینجرز پنجاب نے جواب میں بی ایس ایف کی چوکیوں کو نشانہ بنایا اور بھارتی فوج کی بندوقوں کو خاموش کرادیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔