عمران خان دماغی طور پر ٹھیک نہیں ہیں، خواجہ آصف

ویب ڈیسک  جمعـء 19 جنوری 2018
عمران خان الیکشن سے پہلے اپنا علاج کرائیں، وزیر خارجہ۔ فوٹو: فائل

عمران خان الیکشن سے پہلے اپنا علاج کرائیں، وزیر خارجہ۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان کو روحانی سہارا تو مل گیا لیکن وہ دماغی طور پر ٹھیک نہیں ہیں عمران خان الیکشن سے پہلے اپنا علاج کرائیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہم نے کسی کو ڈرانے کے لیے قرارداد پاس نہیں کی بلکہ ہم نے پارلیمنٹ کے تقدس کو بحال کرانے کے لیے ایسا کیا۔ اس بات سے سب نے اتفاق کیا لیکن کوئی پارٹی ایسی نہیں جس نےعمران خان کا ساتھ دیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ عقل اور سمجھ عمران خان کے قریب سے نہیں گزری کیوں کہ پارلیمنٹ کے حوالے سے ایسے بیان نہیں دئیے جاسکتے البتہ سخت زبان ضرور استعمال ہوتی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آپ اس پارلیمنٹ کے ممبر بھی ہیں اور گالیاں بھی دے رہے ہیں، پارلیمنٹ حکومت نہیں ایک ادارہ ہے لیکن عمران خان کی دماغی صلاحیتیں ماؤف ہوچکی ہیں ،عمران خان کو روحانی سہارا تو مل گیا ہے لیکن دماغی طور پر ٹھیک نہیں ہیں،عمران خان الیکشن سےپہلے اپنا علاج کرائیں۔

رہنما مسلم لیگ نے مزید کہا کہ شیخ رشید کا استعفیٰ اب تک نہیں آیا شیخ رشید نے فخریہ انداز سے ایک کارڈ کھیلا، شیخ صاحب کو لگا تھا کہ ان کے بعد باقی لوگ بھی استعفیٰ دے دیں گے لیکن ایسا نہیں ہوا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔