ایس ای سی پی ڈی ایم سی ایل کا ایسٹ مینجمنٹ کا لائسنس منسوخ

قریبی رشتے داروں کو غلط اور ناجائز فائدہ پہنچانے پرسی ای او پر2 کروڑ روپے جرمانہ بھی عائد


Numainda Express March 25, 2013
ایس ای سی پی کے انسپکشن ونگ کی تحقیقات کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر نے نہ صرف داود اسلامک فنڈز سے سرمایہ کاری واپس کی بلکہ داود انکم فنڈز میں سے بھی قریبی رشتے داروں کو سرمایہ واپس کیا۔ فوٹو: فائل

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان(ایس ای سی پی) نے داود کیپیٹل منیجمنٹ کمپنی(ڈی ایم سی ایل)کا ایسٹ منیجمنٹ کا لائنسنس منسوخ کردیا ہے اور قریبی رشتے داروں کو غلط اور ناجائز (undue) فائدہ پہنچانے پرکمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او)پردو کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیا ہے۔

اس ضمن میں،،ایکسپریس،،کو دستیاب دستاویز کے مطابق ایس ای سی پی نے داود کیپیٹل منیجمنٹ کمپنی(ڈی ایم سی ایل) کے خلاف کیس کی سماعت مکمل ہونے کے بعد آرڈر جاری کردیاہے اور اس آرڈر کے مطابق ایس ای سی پی نے داود کیپیٹل منیجمنٹ کا لائیسنس منسوخ کر دیا ہے جبکہ نان بینکنگ فنانشل سیکٹر کے قوانین میں خلاف ورزی پر دو کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان(ایس ای سی پی) کی طرف سے جاری کردہ آرڈر کے مطابق داود کیپیٹل منیجمنٹ کے چیف ایگزیکٹو نے قریبی رشتے داروں اور دوستوں کو غیر قانونی طریقے سے فائدے پہنچائے جس کے خلاف ایس ای سی پی نے ایکشن لیا ہے۔

داود کیپیٹل منیجمنٹ تین کمپنیوں ، داود انکم فنڈز، داود اسلامک فنڈز اور داود میوچل فنڈزپر مشتمل گروپ ہے۔ ذرائع کے مطابق، سینٹرل ڈپازٹری کمپنی کے ٹرسی نے ایس ای سی پی کو مطلع کیا ہے داود اسلامک فنڈزمیں شامل داود گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسرکے قریبی رشتے داروں کونان بینکنگ فنانشل سیکٹر کے لیے رائج قوانین کے برخلاف انکی سرمایہ کاری کا شیٔر واپس کر دیا گیا ہے۔

2

ایس ای سی پی کے انسپکشن ونگ کی تحقیقات کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر نے نہ صرف داود اسلامک فنڈز سے سرمایہ کاری واپس کی بلکہ داود انکم فنڈز میں سے بھی قریبی رشتے داروں کو سرمایہ واپس کیا جسکے باعث کمپنی کے شراکت داروں کو18 ملین روپے سے زائد کا نقصان ہوا ایس ای سی پی نے نان بینکنگ فنانشل رولز کی خلاف ورزی کر نے پرگزشتہ سال نومبر میں داود گروپ کے چیف ایگزیکٹو کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا۔

اظہار وجوہ کے نوٹس(شوکاز نوٹس) کے جواب میں کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کا دعوی تھا کہ انکے قریبی رشتے داروں کو سرمایہ کاری کی ادائیگی کی منظوری بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں دی گئی تھی جبکہ ایس ای سی پی کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کی چیف ایگزیکٹو آفیسر کے قریبی رشتے داروں کو سرمایہ کاری کی ادائیگی بورڈ کے اجلاس سے پہلے ہی کر دی گئی تھی سرمایہ کاری کی واپسی کے بعد داود کیپیٹل منیجمنٹ کے تین دائریکٹرزفوری طور پر مستفی ہو گئے تھے۔