غیر مسلم ریفری نے اذان کے احترام میں میچ روک دیا

ویب ڈیسک  جمعـء 26 جنوری 2018
اذان کی تعظیم کرکے ریفری نے شائقین کے دل جیت لیے، فوٹو: انٹرنیٹ

اذان کی تعظیم کرکے ریفری نے شائقین کے دل جیت لیے، فوٹو: انٹرنیٹ

ریاض: بین الاقوامی شہرت یافتہ برطانوی فٹ بال ریفری نے اذان کے احترام میں میچ روک کر مسلمانوں کے دل جیت لیے۔

عرب میڈیا کے مطابق مملکت میں جاری سعودی کنگ فٹ بال کپ کے دوران ایک غیر مسلم ریفری مارک کلیٹن برگ اس وقت توجہ کا مرکز بن گیا جب اس نے اذان کی آواز سنتے ہی میچ میں وقفہ کردیا۔

کنگ سلمان بن عبدالعزیز سٹی اسٹیڈیم میں الفتح اور الفیح کے مابین میچ مقررہ وقت پر ایک ایک گول سے برابر تھا اور میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لیے 5 منٹ اضافی دیے گئے۔ ابھی اضافی منٹس میں مقابلہ جاری تھا کہ مقامی مسجد سے اذان کی صدا بلند ہوئی جو کانوں پر پڑتے ہی ریفری نے فوری طور پر وسل بجاکر میچ روک دیا۔

وقفہ ملنے پر کچھ پلیئرز آرام کی غرض سے گراؤنڈ سے باہر چلے گئے جب کہ بعض موقع غنیمت جانتے ہوئے میدان میں بیٹھ کر خود کو تازہ دم کرنے لگے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: خواتین کیلیے مردوں کا فٹ بال میچ دیکھنا حرام ہے،سعودی مفتی

اذان ختم ہونے پر میچ دوبارہ شروع کیا گیا جو اضافی وقت کے اختتام پر بھی ایک ایک گول سے برابر رہا، میچ تو کوئی ٹیم نہیں جیتی تاہم  ریفری نے سب کے دل جیت لیے، اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے مذہبی احترام کے اس غیر معمولی اقدام پر ریفری کو خراج تحسین پیش کیا۔

غیرمسلم ریفری کی جانب سے اذان کا احترام کرنے پر نہ صرف سعودی حکام نے ان کی تعریف کی بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں نے ان کے لیے نیک خواہشات اور تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

https://twitter.com/Bandar_alwrd/status/956227323249950721

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔