نقیب اللہ کی طرح پتہ نہیں کتنے قبائلیوں کو کراچی میں قتل کیا گیا، عمران خان

ویب ڈیسک  اتوار 4 فروری 2018
 قبائلی علاقوں کا خیبر پختونخوا کے ساتھ ضم ہونا ضروری ہے، چیرمین پی ٹی آئی۔ فوٹو: فائل

قبائلی علاقوں کا خیبر پختونخوا کے ساتھ ضم ہونا ضروری ہے، چیرمین پی ٹی آئی۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ نقیب اللہ کو جس طرح قتل کیا گیا اسی طرح پتہ نہیں مزید کتنے قبائلیوں کو کراچی میں قتل کیا گیا۔

اسلام آباد میں راؤانوار کی گرفتاری کے لیے دیے گئے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو امریکی جنگ میں شامل نہیں ہونا چاہیے تھا، ہمیں کبھی بھی اپنی فوج قبائلی علاقوں میں نہیں بھیجنی چاہیے تھی، میں نے فوج بھیجنے کی مخالفت کی لیکن انہوں نے میرا نام طالبان خان رکھ دیا، ہم نے قبائلی علاقوں میں جو ظلم کیا، اگر کوئی کمزور قوم ہوتی اب تک ختم ہوچکی ہوتی، پرویز مشرف تاریخ پڑھ لیتے تو قبائلی علاقوں میں فوج نہ بھجواتے۔ ان کا کہنا تھا کہ نقیب اللہ کو جس طرح قتل کیا گیا اسی طرح پتہ نہیں مزید کتنے قبائلی لوگوں کو کراچی میں قتل کیا گیا تاہم آپ لوگ اکیلے نہیں پورا پاکستان آپ کے ساتھ کھڑا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں کا خیبر پختونخوا کے ساتھ ضم ہونا ضروری ہے، فاٹا کی خیبرپختونخوا میں انضمام کی مخالفت کرنے والے قبائلیوں کے دشمن ہیں جب کہ قبائلیوں کے ساتھ مل کر اسلام آباد میں راؤ انوار کو تلاش کروں گا اور جو بے گناہ لاپتہ ہیں ان کے لیے مہم بھی چلاوٴں گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔