کامران ٹیسوری کو سینیٹر بنانے کے معاملے پر متحدہ پاکستان دو دھڑوں میں تقسیم

ویب ڈیسک  منگل 6 فروری 2018
کچھ لوگ پارٹی پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں، فاروق ستار ۔ فوٹو : فائل

کچھ لوگ پارٹی پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں، فاروق ستار ۔ فوٹو : فائل

 کراچی: ایم کیوایم پاکستان کے رہنما کامران ٹیسوری کو سینیٹر بنانے کے معاملے پر ایم کیوایم میں پھوٹ پڑگئی اور فاروق ستار ایک بار پھر پارٹی سے ناراض ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سینیٹ الیکشن کے لیے ٹکٹوں کی تقسیم پر ایم کیوایم پاکستان میں اختلافات ہوگئے اور ایم کیوایم پاکستان دو دھڑوں میں تقسیم ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق ایک ہی جماعت کے دو مقامات پر دو اجلاس ہوئے، ایک جانب پی آئی بی کراچی میں ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی، کامران اختر، وقار شاہ شریک ہوئے۔

دوسرا اجلاس بہادرآباد میں عامر خان کی زیر صدارت ہوا جس میں خالد مقبول صدیقی، کنور نوید، امین الحق، فیصل سبزواری، وسیم اختر، نسرین جلیل اور دیگر نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق فاروق ستار کامران ٹیسوری کو ٹکٹ دینا چاہتے تھے جس پر اختلافات ہوئے، عامرخان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کامران ٹیسوری کو پارٹی سے فارغ کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

دوسری جانب فاروق ستار نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ پارٹی پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں، ایک بڑا اور اہم اعلان کرنے جارہا ہوں لوگوں کی من مانی نہیں چلے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔