پنجاب میں ماورائے عدالت قتل کرنے والوں کو ترقیاں ملیں، چیف جسٹس پاکستان

ویب ڈیسک  جمعرات 15 فروری 2018
سندھ میں آؤٹ آف ٹرن پروموشنز پر پابندی لگائی پنجاب میں کیسے اجازت دے دیں، چیف جسٹس فوٹو:فائل

سندھ میں آؤٹ آف ٹرن پروموشنز پر پابندی لگائی پنجاب میں کیسے اجازت دے دیں، چیف جسٹس فوٹو:فائل

 اسلام آباد: آوٹ آف ٹرن پروموشن کیس میں چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں ایسے لوگوں نے بھی ترقیاں کیں جنھوں نے ماورائے عدالت قتل کیے تاہم ہم نے انصاف کرناہے۔

چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 5 رکنی لارجربینچ نے آوٹ آف ٹرن پروموشن کیس کی سماعت کی، اس موقع پر چیف جسٹس نے کیس کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ حارث صاحب آپ کو ٹرائل پر توجہ دینی چاہیے جس پر خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ ہم نے کبھی ٹرائل کورٹ سے التوانہیں لیا۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے سماعت کے دوران ریمارکس میں کہا کہ سندھ میں ہم نے آؤٹ آف ٹرن پروموشنز پر پابندی لگائی پنجاب میں کیسے اجازت دے دیں جب کہ پنجاب میں ایسے لوگوں نے بھی ترقیاں کیں جنھوں نے ماورائے عدالت قتل کیے، عدالتوں کے ذریعے آؤٹ آف ٹرن پروموشنز کو ہی واپس لے لیں گے، کام کرنے والوں کوتمغے اور پیسے دلوادیں گے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ بتائیں آؤٹ آف ٹرن پروموشن لینے والوں کوکیسے چھوڑیں، ہم نے انصاف کرناہے، بندہ ماردو اور آؤٹ آف ٹرن پروموشن لے لو، بندے مارنے والوں کو پنجاب نے ترقیاں دیں، چاہے کتنے بھی متاثرہوں اصول طے کرنے ہیں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت پیر تک ملتوی کردی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔