ثقلین کا بطور اسپن کوچ بنگلہ دیشی ٹیم کے ساتھ زمبابوے جانے سے انکار

ثقلین کی اہلیہ بیمار ہیں لہٰذا انھوں نے دورئہ زمبابوے کیلیے ٹیم کو جوائن نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے،عنایت حسین سراج ۔


Sports Desk March 30, 2013
ثقلین نے بنگلہ دیش کو 100 روز کیلیے خدمات پیش کرنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔ فوٹو: فائل

سابق پاکستانی اسٹار ثقلین مشتاق نے بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے ساتھ بطور اسپن بولنگ کوچ زمبابوے جانے سے انکار کر دیا۔

انھوں نے اس کی وجہ اہلیہ کی علالت بتائی۔ ثقلین نے گذشتہ برس 14 اگست کو چار ماہ کیلیے بی سی بی کے ساتھ معاہدہ کیا تھا بعد ازاں ان کے معاہدے میں توسیع کر دی گئی، کرکٹ آپریشنز کمیٹی کے چیئرمین عنایت حسین سراج نے میڈیا کو بتایا کہ ثقلین کی اہلیہ بیمار ہیں لہٰذا انھوں نے دورئہ زمبابوے کیلیے ٹیم کو جوائن نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے،ہم نے ان کی خدمات حاصل کرنے کی پوری کوشش کی مگر حالات پر ہمارا زور نہیں چل سکتا۔

یاد رہے کہ ثقلین نے بنگلہ دیش کو 100 روز کیلیے خدمات پیش کرنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔ ''دوسرا'' کے موجد سابق اسپنر208ٹیسٹ اور 288 ون ڈے وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، انھوں نے اپنے مفید مشوروں سے بنگلہ دیشی اسپنر سوہاگ غازی کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا،نوجوان پلیئر نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کے بعد سے پیچھے مڑ کر نہ دیکھا اور کم وقت میں ٹیم میں اہم مقام حاصل کر لیا ہے، وہ خود اپنی کامیابیوں کا کریڈٹ ثقلین مشتاق کو دیتے ہیں۔