ابوظبی ٹی 10 لیگ میں پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر اور بھارتی کھلاڑی کے درمیان میدان میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوگیا۔
محمد عامر بولنگ کر رہے تھے کہ بھارتی بیٹر نے وکٹ کیپر کے اوپر سے ریورس شاٹ کھیل کر چوکا لگا دیا جس کے بعد دونوں کھلاڑیوں کے درمیان گرما گرمی ہوئی۔ اگلی ہی گیند پر بھارتی بیٹر نے شاٹ کھیلا، تاہم وہ باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ عامر نے وکٹ حاصل کرنے کے بعد بھرپور جشن منایا۔
محمد عامر ٹی 10 لیگ میں یو اے ای بلز کی نمائندگی کر رہے ہیں جس میں آل راؤنڈر شاداب خان بھی شامل ہیں۔ گزشتہ روز کے میچ میں عامر نے دو اوورز میں 38 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل ایک اور میچ میں پاکستانی بیٹر افتخار احمد نے عامر کو چھکا لگایا تھا جس کے جواب میں فاسٹ بولر کی باؤنسر براہ راست افتخار کے ہیلمٹ پر جا لگی تھی جس کے بعد فزیو کو میدان میں آنا پڑا۔