سندھ کی نگراں کابینہ کے ارکان آج حلف اٹھائیں گے

بعض حلقوں کی جانب سے تحفظات کا اظہار، ناموں میں ردو بدل کا امکان ہے،ذرائع


Staff Reporter March 30, 2013
بعض حلقوں کی جانب سے تحفظات کا اظہار، ناموں میں ردو بدل کا امکان ہے،ذرائع فوٹو: فائل

سندھ کے نگراں کابینہ کے ارکان ہفتہ کو حلف اٹھائیں گے ۔ کابینہ 18 ارکان پر مشتمل ہوگی ۔

جن میں16 وزراء اور2 مشیران شامل ہوں گے ۔ ذرائع کے مطابق نگراں کابینہ میں انتہائی غیر جانبدار افراد کو شامل کیا گیا ہے اور سیاسی جماعتوں کے فرمائشی پروگرام کو مسترد کردیا گیا ہے۔ کابینہ میں ایسے افراد کو شامل کیا جا رہا ہے جن کے بارے میں کسی کو توقع بھی نہیں تھی ۔ ذرائع کے مطابق نگراں کابینہ میں ممتاز خاتون ڈرامہ نگار اور مصنفہ نور الہدٰی شاہ اور ممتاز خاتون سماجی رہنما انیس ہارون بھی شامل ہیں دونوں خاتون وزرا کے عہدے پر فائز ہوں گی ۔

ذرائع کے مطابق دیگر وزرا میں شبر زیدی ، خالد تواب ، خالد لطیف، عبدالقادر چوہان ، شکیب قریشی ، نواب قلب حسین لاہوری ، سردار خان گھوٹو ، محمود مانڈوی والا ، اقبال دائود پاک والا، رئیس غلام حسین جسکانی ، محمد شریف انصاری ، این کے لوہانی ، ڈاکٹر جنید شاہ اور سردار یاسین ملک شامل ہیں جبکہ میاں زاہد حسین اور ہارون فاروقی نگراں وزیراعلیٰ کے مشیر ہوں گے ۔ نگراں کابینہ کی تقریب حلف برداری ہفتے (آج) کی شام گورنر ہائوس میں منعقد ہوگی۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان ان سے حلف لیں گے ۔



نگراں کابینہ کا پہلا اجلاس اتوار کی صبح نگراں وزیراعلیٰ سندھ کی صدارت میں منعقد ہوگا ۔ یاد رہے کہ بعض حلقوں نے خدشہ کا اظہار کیا تھا کہ نگراں وزرا کو سیاسی بنیاد پر شامل کیا جائے گا تاہم نگراں وزرا کے نام منظر عام پر آنے کے بعد تمام سیاسی جماعتوں کے رہنما خود بھی حیران رہ گئے ہیں ۔ نگراں کابینہ میں زیادہ اہمیت تاجر برداری سے تعلق رکھنے والے افراد کو دی گئی ہے تاکہ وہ کسی سیاسی جماعت سے وابستگی کا اظہار نہ کرسکیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں صوبائی وزرا کے نام سامنے آنے کے بعد بعض حلقوں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے جس کے بعد ان ناموں میں ردو بدل کا امکان ہے۔