شاہ زیب قتل کیسغلام مرتضیٰ کی عدم پیشی پرعدالت برہم
جیل حکام مطمئن نہ کرسکے،ملزم کواحاطہ عدالت میں طبی امدادکی فراہمی
شاہ زیب قتل میں ملوث شا ہ رخ جتوئی ، سجار تالپور اور سراج تالپور کو جمعے کو جیل حکام نے پیشی کیلیے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج غلام مصطفٰی میمن کے روبرو پیش کیا۔
تاہم شریک ملزم غلام مرتضیٰ لاشاری کو پیش نہیں کیا۔ فاضل عدالت کے استفسار پر جیل حکام نے بتایا کہ وہ شدید علیل ہے اور چل نہیں سکتا۔ فاضل عدالت نے کہاکہ ملزم بیمار ہے، اسے کوئی طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔ اس پر جیل حکام عدالت کومطمئن نہ کرسکے۔ فاضل عدالت نے برہمی کااظہار کیا اور ملزم کو فوری عدالت میں طلب کیا۔ جیل حکام نے ملزم کو عدالت میں پیش کیا اسکی حالت دیکھتے ہوئے فاضل عدالت نے فوری طور پر سول اسپتال کے میڈیکل ڈاکٹر کو طلب کیا اور طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

3بجے ملزم کی صحت یابی پر اسے عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس موقع پر 2چشم دید گواہوں سمیت 3گواہ موجود تھے۔ وکیل صفائی نے عدالت کو بتایاکہ گواہوں کے بیانات ایک ساتھ قلمبند کیے جانے ہیں اور سماعت آج تک ملتوی کرنے کی استدعا کی جس پر فاضل عدالت نے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر سے گواہوں کی بابت دریافت کیا۔ وکیل سرکار نے کہاکہ وکیل صفائی عدالت کو یقین دلائے کہ وہ آج بغیر کسی عذر کیس چلائیں گے تو انھیں سماعت ملتوی کرنے پر کوئی اعتراض نہیں۔ وکلائے صفائی نے عدالت کو یقین دلایا جس پر فاضل عدالت نے سماعت آج تک کے لیے ملتوی کردی۔a