قصور میں سسرالیوں نے پیٹرول چھڑک کر بہو کو آگ لگادی

ویب ڈیسک  پير 19 فروری 2018
3 بچوں کی والدہ ارم کو علاج معالجے کے لئے قصور سے لاہور کے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے؛ فوٹوفائل

3 بچوں کی والدہ ارم کو علاج معالجے کے لئے قصور سے لاہور کے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے؛ فوٹوفائل

لاہور: قصور میں مبینہ طور پر سسرالیوں نے پیٹرول چھڑک کر بہو کو آگ لگادی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قصور کے نواحی گاؤں لدھیکی کی رہائشی  27 سالہ ارم کو گزشتہ روز شدید جھلسی ہوئی حالت میں لاہور کے جناح اسپتال لایا گیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ارم کا جسم 80 فیصد تک جھلس چکا ہے، اس کی حالت تشویشناک ہے اور اسے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: موبائل چوری کے الزام میں نوجوان کو آگ لگادی گئی

ارم کے والدین نے اپنی بیٹی کے سسرالیوں پر الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ارم کو اس کے سسرالیوں نے پیٹرول چھڑک کر آگ لگائی ہے۔ ان کہنا ہے کہ ارم تین بچوں کی ماں ہے اور گزشتہ 10 روز سے اس کی سسرالیوں سے تکرار چل رہی تھی، معمولی گھریلو جھگڑے پر سسرالیوں نے ہماری بیٹی کو جلا دیا۔

ارم کے والدین کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع قصور کے تھانہ اے ڈویژن پولیس کو دے دی گئی لیکن پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور چیف جسٹس پاکستان واقعے کا نوٹس لے کر ہمیں انصاف فراہم کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔