نواز شریف اہلیہ کی بیماری کو حاضری سے استثنی کا جواز نہیں بناسکتے، احتساب عدالت

ویب ڈیسک  بدھ 21 فروری 2018
شریف خاندان کی حاضری سے استثنی کی درخواستیں مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری فوٹو:فائل

شریف خاندان کی حاضری سے استثنی کی درخواستیں مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری فوٹو:فائل

 اسلام آباد: احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے شریف خاندان کی حاضری سے استثنی کی درخواستیں مسترد کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی حاضری سے استثنی کی درخواستیں مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ تحریری حکم نامے کے مطابق اہلیہ کی بیماری کو ملزم کی عدالت حاضری سے استثنی کا جواز نہیں ٹھہرایا جا سکتا اور وڈیو لنک بیان کے موقع پر لندن جا کر اٹارنی مقرر کرنے کا جواز بھی قابل تسلیم نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نیب ریفرنسز؛ نوازشریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد

احتساب عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق بیگم کلثوم نواز کی کیمو تھراپی کے 6 سیشن مکمل ہو گئے ہیں، مریضہ کی بیماری پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے جب کہ کینسر کے رسک کو کم کرنے اورمستقبل میں علاج کے لیے ریڈیو تھراپی کی تجویز دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ نیب کی جانب سے نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف کرپشن کے الزام میں العزیزیہ اسٹیل ملز، فلیگ شپ انوسٹمنٹ اور ایون فیلڈپراپرٹیز سمیت تین ریفرنسز دائر ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔