شہباز شریف کو ن لیگ کا صدر بنانے کا حتمی فیصلہ

ویب ڈیسک  جمعرات 22 فروری 2018
شہباز شریف غیر متنازع شخصیت ہیں ان کی آمد سے اداروں کے درمیان تصادم میں کمی کا امکان ہے، ذرائع ن لیگ۔ فوٹو فائل

شہباز شریف غیر متنازع شخصیت ہیں ان کی آمد سے اداروں کے درمیان تصادم میں کمی کا امکان ہے، ذرائع ن لیگ۔ فوٹو فائل

 اسلام آباد:  نواز شریف کو (ن) لیگ کی پارٹی صدارت سے ہٹائے جانے کے بعد شہباز شریف کو پارٹی صدر بنانے کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب ہاؤس میں نواز شریف کی زیر صدارت پارٹی اجلاس منعقد ہوا جس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سیاسی حکمت عملی اور سینیٹ الیکشن کے حوالے سے غور کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، عابد شیر علی، دانیال عزیز، پرویز رشید اور مریم نواز سمیت دیگر پارٹی رہنما نے شرکت کی۔

اجلاس میں گزشتہ روز سپریم کورٹ کے فیصلے پر نواز شریف نے رفقا سے صلاح و مشورے کیے، اجلاس میں سینیٹ الیکشن اور آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے گفتگو سمیت سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔

یہ پڑھیں: نوازشریف پارٹی صدارت سے بھی نااہل، سپریم کورٹ کا فیصلہ

ذرائع نے ایکسپریس نیوز کو بتایا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے ارکان نے شہباز شریف یا شاہد خاقان عباسی کو پارٹی صدر بنانے کی تجویز دی تھی جس پر اب مسلم لیگ ن نے نواز شریف کی جگہ شہباز شریف کو پارٹی صدر بنانے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے اور اس بات کی نواز شریف کے قریبی دوستوں نے تصدیق کی ہے تاہم پارٹی قائد کی حیثیت نواز شریف کے پاس ہی رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کا فیصلہ میرے لیے غیرمتوقع نہیں، نواز شریف

 ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے صدر کے لیے نام سامنے آنے پر ن لیگ کے بیشتر رہنماؤں نے شہاز شریف کے نام پر اتفاق کیا اور کہا کہ شہباز شریف ایک غیر متنازع شخصیت ہیں اور ان کی آمد سے اداروں کے درمیان تصادم میں کمی آنے کا امکان ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔