سینیٹ الیکشن میں ن لیگ کوانتخابی نشان سے محروم کرنا دھاندلی ہے رانا ثناء اللہ

ہمیں پورا یقین ہے پنجاب میں سینیٹ کی ساری نشستیں (ن) لیگ ہی جیتے گی، رانا ثنا اللہ


ویب ڈیسک March 01, 2018
مجھے پتہ ہے عمران خان کو کہاں سے چٹ آئی ہے، رانا ثنا اللہ فوٹو: فائل

پنجاب کے وزیرقانون رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کواس کی انتخابی شناخت سے محروم کرنا قبل ازوقت دھاندلی ہے۔

لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب کے وزیرقانون رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ ہماری جماعت ہے اورنوازشریف ہمارے قائد ہیں، مسلم لیگ (ن) کوبے نام ونشان کرنے کی خواہش کرنے والے خود بے نام ونشان ہوں گے جب کہ مسلم لیگ (ن) کو اسکی انتخابی شناخت سے محروم کرنا قبل ازوقت دھاندلی ہے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ آج کا سینیٹ الیکشن تین مارچ کے سینٹ کے الیکشن کی ریہرسیل ہوگی، نتائج سے تین مارچ کے نتائج کا بھی پتہ چل جائے گا، ہمیں پورا یقین ہے پنجاب میں ساری سیٹیں (ن) لیگ ہی جیتے گی جب کہ کامیاب قرار پانے والے (ن) لیگی امیدوار کا آزادی گلے سے اتر کر نواز شریف کی غلامی کا اعلان کریں گے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ملک میں کنٹرولڈ جمہوریت نہیں عوامی جمہوریت چلے گی، چیئرمین نیب اپنی نیک نامی کو برقراررکھتے ہوئے نیب کی طاقت کے غلط استعمال کوروکیں، عام انتخابات قریب ہیں، چیئرمین نیب کونیب کے معاملات پرنظررکھنی چاہئے، ہم نے کبھی نہیں کہا کہ احتساب کا عمل رک جانا چاہئے اورہم نیب کا احترام کرتے ہیں لیکن ریفرنسز دائر کرنے کا ایک طریقہ کارہوتا ہے۔

رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ جھوٹ بولنا عمران خان کا وطیرہ بن چکا ہے، وہ اپنی گھٹیا حرکتیں چھپانے کیلئے الزام تراشی کرتے رہتے ہیں، زبیرگل یا شاہین بٹ کے خلاف کوئی چیزہے توسامنے لائیں اور مجھے پتہ ہے عمران خان کو کہاں سے چٹ آئی ہے، جو چٹ آتی ہے ویسا ہی بولنا شروع ہوجاتے ہیں جب کہ کچھ قوتیں نیب کو اپنے مذموں مقاصد کیلئے استعمال کرنا چاہتی ہیں۔