پاکستان ایکسپریس خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئی

ویب ڈیسک  اتوار 4 مارچ 2018
شہریوں نے لال کپڑا لہرا کر ٹرین کو ٹوٹی ہوئی پٹری سے پہلے ہی روک لیا۔ فوٹو: فائل

شہریوں نے لال کپڑا لہرا کر ٹرین کو ٹوٹی ہوئی پٹری سے پہلے ہی روک لیا۔ فوٹو: فائل

 کراچی: ملیر کالا بورڈ پر پٹری ٹوٹ گئی تاہم شہریوں نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لال کپڑا لہرا کر ٹرین کو روک لیا جس کے نتیجے میں پاکستان ایکسپریس خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں ملیر کالا بورڈ کے قریب ٹرینیں گزرنے کے باعث کئی فٹ تک خستہ حال پٹری ٹوٹ گئی۔ شہریوں نے حاضر دماغی کا ثبوت دیتے ہوئے لال کپڑا لہرا کر وہاں سے گزرنے والی پاکستان ایکسپریس کے ڈرائیور کو خطرے سے آگاہ کیا جس نے فوراً بریک لگا کر ٹرین کو روک لیا۔ واقعے میں اندرون ملک جانے والی پاکستان ایکسپریس ایک بڑے حادثے سے محفوظ رہی۔

کراچی ایکسپریس میں مسافروں کی بڑی تعداد سوار تھی جو ممکنہ حادثے سے محفوظ رہے۔ ریلوے حکام نے جائے حادثہ کا دورہ کر کے ٹریک کی مرمت کا کام کر کے پاکستان ایکسپریس کو منزل کی جانب روانہ کیا۔ ریلوے حکام کا کہنا تھا کہ فش پلیٹ کے ٹوٹنے کا واقعہ حادثاتی طور پیش آیا۔ پٹری کا 4 انچ کا حصہ ٹوٹا تھا اور 3 بولٹ نکلے تھے۔ ابتدائی تحقیقات میں تخریب کاری کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔

ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ایکسپریس، عوام ایکسپریس، خوشحال ایکسپریس اور پاکستان بزنس کو اسی ٹریک سے گزار کر منزل کی جانب روانہ کردیا گیا ہے۔ پٹری کے متاثر ہونے کا واقعہ کراچی آنے والے ٹریک پر ہوا جسے درست کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔