ایاز پلیجو کے کاغذات نامزدگی بحالاعتراضات مسترد

یاز لطیف پلیجو پر سرکاری زمین پر قبضہ کر کے پارٹی دفتر قائم کرنے، حیسکوکا نادہندہ ہونے سمیت 3 الزامات عائد کیے تھے۔


Numainda Express April 08, 2013
گزشتہ حکومت کے تعینات کیے گئے افسران دھاندلی کی کوشش کر رہے ہیں، ایاز پلیجو ۔ فوٹو: ایکسپریس/ فائل

حیدرآباد میں سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس47 سے قومی عوامی تحریک کے صدر ایاز لطیف پلیجو کے کاغذات نامزدگی بحال کر دیے گئے۔

پی ایس 47 قاسم آباد سے ایاز لطیف پلیجو پر مخالف امیدوار محبوب ابڑو نے پارک کی سرکاری زمین پر قبضہ کر کے پارٹی دفتر قائم کرنے، حیسکوکا نادہندہ ہونے سمیت 3 الزامات عائد کیے تھے۔ ریٹرننگ افسر نے اتوار کو ایاز لطیف پلیجو کے دلائل سننے کے بعد اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے ان کے کاغذات نامزدگی بحال کر دیے۔ کاغذات نامزدگی بحال ہونے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ مجھ پر اور میرے دادا اور والد رسول بخش پلیجو پر الزامات لگانے اور بدنام کرنے پر وہ محبوب ابڑو کے خلاف 20 کروڑ روپے کے ہرجانے کا دعویٰ کریں گے۔



سندھ میں گزشتہ حکومت کے تعینات کیے گئے افسران اب تک اپنے عہدوںپر موجود ہیں، جو انتخابات میں دھاندلی کی کوشش کر رہے ہیں، سپریم کورٹ ان افسران کو ہٹا کر غیر جانبدار افسران مقررکرے ۔ انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے احکامات کے باوجود پولیس میں بھرتیاںکی جا رہی ہیں۔ اس موقع پر انھوں نے سپریم کورٹ سے اپیل ہے کہ وہ سندھ کے ساحلی جزیروں کی فروخت کا نوٹس لے۔ دوسری جانب اس ہی حلقہ پی ایس 47 سے آزاد امیدوار محبوب ابڑو کا کہنا ہے کہ وہ ریٹرنگ آفیسر کے فیصلے کے بعد ایاز لطیف پلیجو کے خلاف الیکشن ٹریبیونل میں اپیل دائر کریں گے۔