میر علی بارودی سرنگ پھٹنے سے 2 موٹر سائیکل سوار ہلاک پشاور میں 2دھماکے

دھماکوں میں ایکسپریس نیوز کی ٹیم بال بال بچی، پل اڑانے کی کوشش ناکام، واپڈاکے 4مغوی گھرپہنچ گئے.


پشاور،نوشہرہ سے بوری بند لاشیںبرآمد،ڈیرہ میں ٹیچرقتل، شہیدسپاہی اعزازکیساتھ سپردخاک،مغوی تاجر بازیاب، اغواکارگرفتار.۔فوٹو فائل

لاہور: شمالی وزیرستان ایجنسی کی تحصیل میرعلی میں سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ پھٹنے سے دوموٹرسائیکل سوارجاں بحق ہوگئے۔

جبکہ پشاورسے نمائندے کے مطابق چارسدہ روڈ پر نجی بینک کے قریب 2 دھماکوں میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ ایکسپریس نیوز کی ٹیم بھی بال بال بچ گئی تاہم گاڑی کو نقصان پہنچا۔پولیس کے مطابق نامعلوم شرپسندوں نے چارسدہ روڈ پر واقع ایک نجی بینک میں بارودی مواد نصب کیا تھا جو اچانک دھماکے سے پھٹ گیا۔پولیس اور میڈیا جب جائے وقوع پر پہنچے تو اس دوران بینک کے ایک کنارے میں موجود جنریٹرکے نیچے رکھا گیا بارود اڑا دیا گیا جس کی وجہ سے دو پولیس اہلکار مزمل اور ذکاء الدین زخمی ہوگئے،ایکسپریس نیوز کی ٹیم جو جائے وقوع سے چند میٹر کے فاصلے پر تھی بال بال بچ گئی تاہم ڈیجیٹل سیٹلائٹ نیوز گیدرنگ(ڈی ایس این جی) گاڑی کاشیشہ ٹوٹ گیا۔



پشاورکے نواحی علاقے متھرا میں پولیس کوبوری بند لاش ملی۔نوشہرہ میں بھی دریائے کابل کے کنارے سے 20سالہ نوجوان کی ہاتھ پاؤں بندھی بوری بند لاش برآمد ہوئی۔ پشاورکوہاٹ روڈپرماشوخیل پل کواڑانے کی کوشش کوناکام بنادی گئی بم ڈسپوزل اسکواڈ نے 10 کلوگرام بم کوناکارہ بنادیا۔دریں اثناء ایک ہفتے قبل پشاور شیخ محمدی میں گرڈ اسٹیشن پر حملے کے بعد اغوا ہونیوالے 4 واپڈا اہلکار بحفاظت گھروں کو پہنچ گئے۔ادھرڈیرہ اسماعیل خان سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق ملانہ لنک روڈکے قریب سی ٹی اسکول ٹیچرسیداعجاز حسین شاہ کونامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ جمرودمیں انتظامیہ نے غنڈی میں ایک چھاپے کے دوران مغوی تاجرسالک شاہ کوبازیاب کرالیا جبکہ دواغواکاروں کوگرفتارکرلیاگیا۔