کامن ویلتھ گیمز فتح کا عزم لیے قومی ہاکی ٹیم آسٹریلیا روانہ

رضوان سینئر کی قیادت میں 18رکنی اسکواڈ نے کراچی سے اڑان بھری


Sports Reporter March 28, 2018
رضوان سینئر کی قیادت میں 18رکنی اسکواڈ نے کراچی سے اڑان بھری، کپتان ۔ فوٹو: سوشل میڈیا

کامن ویلتھ گیمز میں فتح کا عزم لیے پاکستان ہاکی ٹیم آسٹریلیا روانہ ہو گئی۔

18رکنی اسکواڈ محمد رضوان سینئر کی قیادت میں قائد اعظم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے روانہ ہوا، آسٹریلیا جانے والوں میں عمران بٹ، مظہر عباس، محمد عرفان سینئر، تعظیم الحسن، مبشر علی، فیصل قادر، عماد شکیل بٹ (نائب کپتان)، توثیق ارشد، تصور عباس، ابوبکر محمود، محمد عرفان جونیئر، شفقت رسول، دلبر، عتیق ارشد، علی شان، ارسلان قادر، محمد رضوان سینئر (کپتان ) اور رانا سہیل جبکہ ٹیم آفیشلز میں راولنٹ اولٹمنز ہیڈ کوچ، حسن سردار ٹیم منیجر، محمد ثقلین، ریحان بٹ و دیگر آفیشلز شامل ہیں۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان محمد رضوان سینئر کا کہنا ہے کہ تیاریاں بھر پور ہیں۔

میگا ایونٹ کے دوران اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب رہیں گے۔ میڈیا سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی کوچ کی نگرانی میں کھلاڑیوں میں موجود خامیوں پر خاصی حد تک قابو پا لیا گیا ہے، تمام پلیئرز مکمل طور پر فٹ اور ایونٹ کے دوران اپنے کیریئر کا بہترین کھیل پیش کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ یاد رہے کہ کامن ویلتھ گیمز گولڈ کوسٹ آسٹریلیا میں 4 سے شروع ہوکر15 اپریل تک جاری رہیں گی۔ میگا ایونٹ میں شریک ٹیموں کو 2 گروپس اے اور بی میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پول اے میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ،کینیڈا، جنوبی افریقہ اور اسکاٹ لینڈ جبکہ پول بی میں پاکستان کے ساتھ روایتی حریف بھارت، انگلینڈ، ملائیشیا اورویلزکوشامل کیاگیاہے۔کامن ویلتھ گیمز کے شیڈول کے مطابق 5 اپریل کو مینزایونٹ کے افتتاحی روز 2میچز کھیلے جائیں گے۔ پاکستان کو ویلز جبکہ جنوبی افریقہ کو اسکاٹ لینڈ کا چیلنج درپیش ہوگا، 6 اپریل کو انگلینڈ کا مقابلہ ملائیشیا اور نیوزی لینڈ کا سامنا کینیڈا سے ہو گا، 7 اپریل کو پاکستانی ٹیم روایتی حریف بھارت کیخلاف میدان سنبھالے گی۔

ملائیشیا کا مقابلہ ویلز، کینیڈا کا ٹاکرا اسکاٹ لینڈ جبکہ آسٹریلیا کا سامنا جنوبی افریقہ سے ہوگا، 8 اپریل کوپاکستانی ٹیم اپنے تیسرے گروپ میچ میں انگلینڈ جبکہ 11 اپریل کو اپنا چوتھا اورآخری گروپ میچ ملائیشیا کیخلاف کھیلے گی۔13 اپریل کو سیمی فائنلز جبکہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 14 اپریل کو کھیلا جائیگا۔ ادھر پاکستان کو اب تک کامن ویلتھ گیمز میں ایک سلوراور ایک برانز میڈل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔

2002ء میں انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں پاکستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو 2 کے مقابلے میں 10 گول سے شکست دیکر تیسری پوزیشن حاصل کی تھی جبکہ 2006 میںآسٹریلیا کے شہر میلبورن میں منعقدہ گیمز میں پاکستانی ٹیم فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہی تاہم ٹائٹل مقابلے میں گرین شرٹس کو صفر کے مقابلے میں3گول سے آسٹریلیا نے ہرادیا تھا، 2014 میں اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمزمیں قومی ہاکی ٹیم پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے 2 گروپوں میں محاذ آرائی کی وجہ سے میگا ایونٹ میں شرکت سے محروم رہی تھی جبکہ اس سے قبل بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں2010 ہونے والی کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان ٹیم کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 3-2 سے شکست کے بعد چھٹی پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑا تھا۔