پاک بھارت سیریز تنازع آئی سی سی نے فریقین کی ’’زبان بندی‘‘ کرا دی

معاملات درست ٹریک پر ہیں،چند ماہ میں اچھی خبر ملے گی، چیئرمین پی سی بی


Sports Reporter March 30, 2018
بھارتی ٹیم ایمرجنگ کپ میں نہیں آئی توپاکستان ایشیاکپ میں نہیں جائیگا، ذرائع۔ فوٹو : فائل

پاک بھارت سیریز تنازع پر آئی سی سی نے فریقین کی ''زبان بندی'' کرا دی۔

میڈیا سے بات چیت میں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا کہ باہمی مقابلوں کے معاہدے کا پاس نہ رکھنے پر بھارت کیخلاف آئی سی سی کی تنازعات کمیٹی میں معاملات چل رہے ہیں، آئندہ چند ماہ میں اس کا نتیجہ سامنے آ جائے گا، کیس زیر سماعت اور وکلا اپنی کارروائی آگے بڑھا رہے ہیں لیکن آئی سی سی نے میڈیا میں تفصیلات جاری کرنے سے منع کیا ہے، اس لیے زیادہ بات نہیں کر سکتا، بہر حال ہم درست ٹریک پر ہیں جب کہ چند ماہ میں اچھی خبر ملے گی۔

دریں اثنا ذرائع کے مطابق اگر بھارتی ٹیم نے پاکستان میں رواں سال اپریل میں شیڈول ایشیا ایمرجنگ نیشنز کپ ٹورنامنٹ میں شرکت نہ کی تو پاکستان ستمبر میں بھارت میں ہونیوالے ایشیا کپ کا حصہ نہیں بنے گا بلکہ بی سی سی آئی کی میزبانی پر بھی سوال اٹھایا جائے گا۔

یاد رہے کہ گذشتہ سال 29اکتوبر کو لاہور میں ہونیوالے ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں ایشیا ایمرجنگ نیشنز کپ کی میزبانی پاکستان کو دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا، دسمبر میں دبئی میں ہونیوالی بورڈ میٹنگ میں بھارتی اور بنگلادیشی کرکٹ حکام نے کہا تھا کہ کئی ٹیموں کی جانب سے سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے پاکستان ایونٹ کا انعقاد نہیںکر سکتا۔