کیوں نہ شیخ زاید اسپتال کا کنٹرول بھی خود سنبھال لیں چیف جسٹس

حمزہ شہباز کے کہنے پر شیخ زاید اسپتال کے چیرمین فرید خان کو توسیع دی جارہی ہے، چیف جسٹس


ویب ڈیسک April 04, 2018
حمزہ شہباز کے کہنے پر شیخ زید اسپتال کے چیرمین فرید خان کو توسیع دی جارہی ہے، چیف جسٹس فوٹو:فائل

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیے ہیں کہ کیوں نہ شیخ زاید اسپتال کا کنٹرول بھی خود سنبھال لیں۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے شیخ زاید اسپتال میں خلاف قانون تعیناتی کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے اس معاملے پر ہائی کورٹ میں زیرالتواء مقدمات ایک ہفتے میں نمٹانے کا حکم دیا۔

عدالت نے کہا کہ شیخ زاید اسپتال کی صوبے کو منتقلی کا بھی جائزہ لیں گے، 18ویں ترمیم کے بعد ہسپتال صوبے کو منتقل کیا گیا، کیوں نہ شیخ زاید ہسپتال کا کنٹرول خود سنبھال لیں، بورڈ آف گورنرز کو تحلیل کردیتے ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ حمزہ شہباز کے کہنے پر شیخ زاید اسپتال کے چیرمین فرید خان کو توسیع دی جارہی ہے، فرید خان کی مدت ملازمت میں توسیع کیوں کی گئی، کیا پنجاب حکومت کو کوئی اور بندہ نہیں ملتا؟، فرید خان بورڈ آف گورنرز کو کیوں اتنا محبوب ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ شیخ زاید اسپتال کو برباد کر کے رکھ دیا ہے، اپنے اسپتالوں کو تباہ نہیں ہونے دیں گے، انشاء اللہ ملک میں کوئی طبی ادارہ برباد نہیں ہو گا۔ سیکرٹری ہیلتھ پنجاب نے چیرمین فرید احمد خان کو توسیع نہ دینے کی یقین دہانی کرائی۔