متحدہ عرب امارات میں گاڑیوں کا ایندھن گھر کی دہلیز پر

ابتدائی مرحلے میں نئی سروس پر لاگو فیس میں بھی رعایت دی گئی ہے


ویب ڈیسک April 05, 2018
رواں برس کے دوران امارات کے مختلف حصوں میں یہ سروس عام کر دی جائے گی، چیف ایگزیکٹو انجینئر ایڈنوک: فوٹو : فائل

متحدہ عرب امارات کی ایڈنوک کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ ان کے صارفین اپنے گھر یا گاڑی کی جگہ پر بھی ایندھن یا گیس سلینڈر حاصل کرسکیں گے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ایندھن کی اہم ترین تقسیم کار کمپنی ایڈنوک نے محطلتی (مائی اسٹیشن) نامی ایک نئی سروس متعارف کرائی ہے جس کے ذریعے صارفین اب اپنے گھر یا گاڑی کی جگہ پر بھی ایندھن اور گیس سلینڈر حاصل کرسکیں گے۔

کمپنی کے چیف ایگزیکٹو انجینئر سعید مبارک الراشدی کا نئی سروس کے حوالے سے کہنا تھا کہ رواں ماہ کے وسط سے ہی ابوظبی کے 40 اسٹیشنوں سے ایڈنوک ڈسٹری بیوشن کے صارفین اس خصوصی سروس سے استفادہ کر سکیں گے جب کہ رواں برس کے دوران ہی امارات کے مختلف حصوں میں یہ سروس عام کر دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی سروس کی اہم تبدیلی کے لئے کمپنی ملازمین اور اہل کاروں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے اور ابتدائی مرحلے میں اس نئی سروس پر لاگو فیس میں بھی رعایت دی گئی ہے تا کہ صارفین بغیر کسی اضافی اخراجات کے نئی سروس کے مستقل صارف بن جائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔