ڈیوس کپ میں پاکستان نے ازبکستان کا حساب چکتا کر دیا

پہلے میچ میں اعصام ریٹائر ہرٹ ،عقیل خان نے مقابلہ جیت کر ٹائی برابر کر دی


Sports Reporter April 07, 2018
میزبان کو ورلڈ گروپ تک پہنچنے کیلیے آج3میں سے2 مقابلوں میں فتح درکار۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: ڈیوس کپ ایشیا اوشیانا گروپ ون ٹائی میں پاکستان نے ازبکستان کا حساب چکتا کردیا۔

گزشتہ روز پاکستان اسپورٹس کمپلیکس کے گراس کورٹ پر پاکستانی اسٹار اعصام الحق کو زخمی ہونے کی وجہ سے میچ سے دستبردار ہونا پڑا،مہمان کھلاڑی عالمی نمبر 83 ڈینس اسٹومین 2-0 سے فاتح قرار پائے۔

دوسرا میچ قومی نمبر ون عقیل خان اور سانجر فیاضیو کے مابین کھیلا گیا، عقیل نے تقریباً ڈھائی گھنٹے تک جاری رہنے والے اعصاب شکن مقابلے میں 2-1 سے کامیابی سمیٹتے ہوئے ٹائی کوبرابر کردیا۔

55 منٹ جاری رہنے والے پہلے سیٹ میں ازبک کھلاڑی سانجر فیاضیو نے ٹائی بریک کے ذریعے 7-6(6) سے کامیابی حاصل کی عقیل خان نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے باقی دونوں سیٹ اپنے نام کیے، 37 منٹ تک جاری رہنے والے دوسرے سیٹ میں انھوں نے 6-4 سے فتح پائی جبکہ تیسرے سیٹ میں اسی مارجن سے کامیابی حاصل کرنے کیلیے انھیں 46 منٹ لگے۔

میچز سے قبل پاکستان اور ازبکستان کے قومی ترانے بجائے گئے اور کھلاڑیوں نے قومی پرچموں کا تبادلہ کیا، ہفتے کو3 میچز کھیلے جائیں گے۔پاکستان کو ورلڈگروپ میں جگہ بنانے کیلیے 2 میچز میں لازمی فتح درکار ہوگی۔