نواشریف ہمیشہ کے لئے باہر اور ن لیگ بھی ش لیگ بن چکی ہے بلاول بھٹو

آئندہ انتخابات میں ہمارا مقابلہ مسلم لیگ (ش) اور پی ٹی آئی سے ہوگا، چیئرمین پی پی پی


ویب ڈیسک April 09, 2018
نوازشریف نے 3 ادوار میں میٹرو کے علاوہ کیا کام کیا، بلاول زرداری : فوٹو: فائل

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ نوازشریف ہمیشہ ہمیشہ کے لیے باہر ہوگئے اور (ن) لیگ کی سیاست ختم ہوگئی۔

ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ ہمارے مخالفین کہتے ہیں کہ انہوں نے بہت کام کئے، نوازشریف نے اپنے 3 ادوار میں ایک میٹرو کے علاوہ کیا کام کیا، لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے دعویدار بتائیں کہ ملک میں توانائی بحران کب اور کہاں ختم ہوا؟ صرف رائیونڈ میں لوڈ شیڈنگ ختم ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ پاکستان میں لوڈ شیڈنگ ختم ہوگئی، (ن) لیگ نے زراعت اور ٹیکساٹئل سیکٹر کو چن چن کر تباہ کیا، ملک میں میٹرو یا کیوں نکالا کی ضرورت نہیں بلکہ پانی، غربت، تعلیم اور روزگار عوام کے مسائل ہیں جن کا وہ حل چاہتے ہیں۔

چیئرمین پی پی نے کہا میں سمجھتا ہوں (ن) لیگ کی سیاست ختم اور نوازشریف ہمیشہ ہمیشہ کے لئے باہر ہوگئے ہیں، اب (ن) لیگ (ش) لیگ بن چکی ہے، اب2018 میں ہمیں مسلم لیگ (ش) اور پی ٹی آئی کے خلاف لڑنا ہے، دونوں جماعتوں کی سیاست معیشت، منشور اور نظریہ ایک ہی ہے، ایک کو نکال کر دوسرے کو واپس لائے تو پالیسی نہیں بدلے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات کے نتائج سے عام انتخابات کا موازنہ نہیں کرنا چاہئے، الیکشن کمیشن پاورفل ہوگا تو الیکشن پراعتراضات نہیں ہوں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان کا نظامِ احتساب فراڈ ہے ہم چاہتے ہیں کہ تمام افراد کا احتساب برابری کی بنیاد پر اور تمام پاکستانیوں کے لئے ایک قانون ہو، (ن) لیگ کے لئے وی آئی پی قانون نہ ہو۔ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوامی مفاد کے لئے اقدامات اٹھائے اور بالخصوص جنوبی پنجاب پر خاص توجہ دی، ہم نے جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کی بات اس کی پسماندگی دور کرنے کے لئے کی، کسانوں، غریبوں، مزدوروں کو ان کے حقوق دلوائے اور کسی ایک شہر پر فوکس نہیں کیا بلکہ سندھ کے تمام اضلاع سے تعلق رکھنے والے 6 لاکھ خاندانوں کو غربت سے نکالا اور غریبوں کو بلاسود قرضے دیئے لیکن شو بازی نہیں کی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں