ویمنز کرکٹ کراچی نے راولپنڈی کو 128 رنز سے آؤٹ کلاس کردیا

فیصل آباد کیخلاف ملتان 5 وکٹ سے کامیاب، پاک بورڈز نے پشاور ریجن کو ہرایا


Sports Reporter April 12, 2013
کوئٹہ نے ایبٹ آباد کو 192 رنز سے ما ت دی، ناہیدہ کی سنچری کے بعد 5 وکٹیں۔ فوٹو:فائل

8 ویں قومی ویمنز کرکٹ چیمپئن شپ میں کراچی نے راولپنڈی کو 128 رنز سے آؤٹ کلاس کردیا،ملتان ریجن نے فیصل آباد کیخلاف 5 وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔

گروپ بی میں پاک بورڈز نے پشاور کو 5 وکٹ سے زیر کرلیا جبکہ کوئٹہ کے مقابل ایبٹ آباد کو192 رنز کی خفت کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق باغ جناح گراؤنڈ لاہور میں راولپنڈی کے خلاف کھیلے گئے میچ میں کراچی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے232 رنز بنائے، جویریہ رؤف نے55 اور ارمان خان نے ناقابل شکست44 رنز کی اننگز کھیلی،صبا اور فیاضیہ شمیم نے 4,4 اور کنول ناز نے دو پلیئرز کو آؤٹ کیا۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے راولپنڈی ریجن کی ٹیم30.1 اوورز میں104 رنز بنا پائی، مدیحہ رشید34 اور نادیہ بیگم 14 رنز کیساتھ نمایاں رہیں، رامیم شمیم اور ایمان انور نے3,3 وکٹیں حاصل کیں۔

جویریہ رؤف میچ کی بہترین پلیئر قرار پائیں۔ اتفاق گراؤنڈ لاہور میں کھیلے گئے گروپ اے کے دوسرے میچ میں ملتان نے فیصل آباد کو5 وکٹ سے مات دیدی، ناکام سائیڈ 32.3 اوورزمیں صرف90 اسکور پر پویلین لوٹ گئی، عظمیٰ یونس21 اور ماریہ اشرف16 کے ساتھ نمایاں رہیں، ثنا گلزار نے 4 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا، رضیہ کلثوم اور نادیہ حسین کے حصے میں 2,2 وکٹیں آئیں۔



ملتان نے ہدف باآسانی 5 وکٹ پر حاصل کرلیا، ثناء گلزار34 رنز بنانے میں کامیاب ہوئیں اور میچ کی بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کیا۔کنٹری کلب مریدکے میں کھیلے گئے گروپ بی کے میچ میں پاک بورڈز کے مقابل پشاور کی ٹیم پہلے بینٹگ کرتے ہوئے57 رنز پر ڈھیر ہوگئی، کائنات اور نتالیہ پرویزنے3,3 مہرے کھسکائے۔ پی کے بی ٹیم نے ہدف 5 وکٹ گنوا کر حاصل کرلیا،نتالیہ پرویز 20 کیساتھ نمایاں رہیں۔

گروپ بی کے دوسرے مقابلے میں کوئٹہ نے ایبٹ آباد کو192 رنز سے آؤٹ کلاس کیا، فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 2 وکٹ پر279 رنز اسکور بورڈ کی زینت بنائے، ناہیدہ خان نے ناقابل شکست150 رنز کی اننگز تراشی، عائشہ صدیقہ نے68 رنز بنائے۔ جواب میں ایبٹ آباد کی ٹیم 87 پر ہمت ہار گئی، ناہیدہ خان نے 5 بیٹسویمنز کو ٹھکانے لگایا اور میچ کی بہترین پلیئر بھی قرار پائیں۔