شاداب خان کو ٹیسٹ کے ’’آداب‘‘ سکھانے کا مشن شروع

لیگ اسپنر تربیتی کیمپ میں مشتاق احمد کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے رہے


Sports Reporter April 13, 2018
پلیئرز کی میٹرس پرکیچنگ پریکٹس، محمد عامربھی بھرپور ایکشن میں نظر آئے۔ فوٹو: فائل

شاداب خان کو ٹیسٹ کرکٹ کے ''آداب'' سکھانے کا مشن شروع ہوگیا۔

آئر لینڈ اور انگلینڈ میں ٹیسٹ میچز کی تیاری کیلیے تربیتی کیمپ میں ممکنہ کھلاڑیوں کی مشقوں کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا، قذافی اسٹیڈیم کی چلچاتی دھوپ میں ٹھنڈے موسم میں شیڈول میچز کی تیاری بڑی سرگرمی سے جاری رہی، وارم اپ کے بعد مختلف ڈرلز کے ذریعے پلیئرز کی جسمانی استعداد بہتر بنانے پرکام کیا گیا۔

چند کرکٹرز نے ہلکی پھلکی ویٹ ٹریننگ بھی جاری رکھی، اسٹیورکسن نے کلوز فیلڈنگ کیلیے خصوصی پریکٹس کرائی،اس دوران کئی کھلاڑیوں کی کمر سے رسی باندھ کر انھیں الٹی سمت میں جھکتے ہوئے گیند پر قابو پانے کیلیے کہا گیا۔

میدان میں میٹرس بچھاکر فواد عالم اور دیگر نے ڈائیونگ کیچز بھی لیے، نیٹ پر بولنگ میں یاسر شاہ کا متبادل سمجھے جانے والے شاداب خان انگلش کنڈیشنز اور ٹیم کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ رکھنے والے مشتاق احمد کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے،بولنگ کوچ اظہر محمود بھی طویل فارمیٹ میں صرف ایک میچ کا تجربہ رکھنے والے شاداب کو کارکردگی بہتر بنانے کے گُر بتاتے نظر آئے،دوسرے اسپنر بلال آصف نے بھی سیشن کیاْ

گزشتہ روز فوڈ پوائزننگ کا شکار ہونے والے پیسر محمد عامر نے بھی نیٹ پر بھرپور قوت سے بولنگ کی،حسین طلعت اور فہیم اشرف نے اظہر محمود سے سوئنگ بولنگ بہتر بنانے کیلیے مدد لی،راحت علی بھی ایکشن میں نظر آئے۔

اوپنرز اور مڈل آرڈر بیٹسمینوں کو پریکٹس کرانے کیلیے دوسرے روز بھی بولنگ مشین کا سہارا لیا گیا،اظہر علی،امام الحق، فخرزمان اور بابر اعظم نے طویل سیشن کیا،دیگر بیٹسمین بھی نیٹ میں پیس اور بائونس کا سامنا کرتے ہوئے تکنیکی خامیاں دور کرنے کیلیے کوشاں رہے۔

سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق دیگر ساتھیوں توصیف احمد،وجاہت اللہ واسطی اور وسیم حیدر کے ہمراہ میدان میں شامیانے کے نیچے بیٹھ کر کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے رہے، ممکنہ اسکواڈ کے حوالے سے ہیڈ کوچ مکی آرتھرسے مشاورت کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں