موقع ملا تو ستر برس کا حساب پانچ برس میں  برابر کردیں گے،اختر مینگل

ویب ڈیسک  منگل 17 اپريل 2018
آج بھی بلوچستان کے وسائل دوسرے صوبوں میں استعمال ہورہے ہیں،اختر مینگل،فوٹو: فائل

آج بھی بلوچستان کے وسائل دوسرے صوبوں میں استعمال ہورہے ہیں،اختر مینگل،فوٹو: فائل

بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ و سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان سردار اختر جان مینگل کا کہنا ہے کہ بلوچستان اس جدید دور میں بھی احساس محرومی کا شکار ہے اگر موقع ملا تو ستر برس کا حساب پانچ برس میں برابر کردیں گے۔

ضلع لسبيلہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار اختر مینگل نے کہا کہ بلوچستان کو ہمیشہ محروم رکھا گیا اور آج بھی بلوچستان کے وسائل دوسرے صوبوں میں استعمال ہورہے ہیں جبکہ خود بلوچستان اس جدید دور میں بھی احساس محرومی کا شکار ہے۔

سابق وزیراعلیٰ بلوچستان  کا کہنا تھا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے نام پر پرانے شکاری نئے جال کے ساتھ عوام کے حقوق کا نعرہ بلند کررہے ہیں لسبیلہ کی حیثیت بلوچستان بھر میں پسماندہ سی ہے مقامی صنعتوں میں روزگار غیروں کے لیے جب کہ دھواں اور بیماریاں مقامی لوگوں کے نصیب میں ہیں ہم نے قید و بند کی صعوبتیں اور جیلیں چوری یا کرپشن کے کیسز میں نہیں بلکہ عوامی حقوق کے لیے کاٹیں ہم نے عوام کے لیے جدوجہد کی اور کرتے رہیں  گے۔

اختر جان مینگل نے کہا کہ ہماری پارٹی بلوچستان کے غریب مظلوم عوام کی پارٹی ہے، ہم نے ہمیشہ بلوچستان کی عوام کے حقوق کی جنگ لڑی ہے جب کہ ہم بلوچستان کے عوام کے جائز حقوق کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔