نیپرا نے کراچی میں بجلی بحران کا ذمہ دار کے الیکٹرک کو قرار دے دیا

ویب ڈیسک  منگل 17 اپريل 2018
گیس نہ ہونے پر بھی کورنگی اور بن قاسم پاور پلانٹ متبادل فیول سے بجلی پیدا کرسکتے تھے لیکن انہیں بند رکھا گیا،نیپرا(فوٹو: فائل)

گیس نہ ہونے پر بھی کورنگی اور بن قاسم پاور پلانٹ متبادل فیول سے بجلی پیدا کرسکتے تھے لیکن انہیں بند رکھا گیا،نیپرا(فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: نیپرا نے کراچی میں بجلی کے بحران کا ذمہ دار کے الیکٹرک کو قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نیپرا (نیشنل پاور اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی) نے کراچی میں جاری بجلی کے بدترین بحران کی ذمہ داری کے الیکٹرک پر عائد کی ہے ساتھ ہی نیپرا نے کے الیکٹرک کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے۔ نیپرا نے یہ فیصلہ 5 رکنی کمیٹی کی رپورٹ پر کیا ہے۔

نیپرا نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت دونوں فریقین کا گیس بحالی کا تنازعہ حل کرائے، کے الیکٹرک کو گزشتہ سال کی بہ نسبت 50 سے 60 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کم مل رہی ہے لیکن کورنگی اور بن قاسم کے گیس پلانٹس پر متبادل فیول کا نظام موجود ہونے کے باوجود انہیں استعمال نہیں کیا گیا، گیس نہ ملنے پر ان پلانٹس کو ہائی اسپیڈ ڈیزل یا متبادل ایندھن پر نہ چلانا غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔

نیپرا نے کہا ہے کہ متبادل فیول پر پلانٹس چلانے سے کے الیکٹرک کو تقریباً 350 میگاواٹ بجلی مل سکتی تھی لیکن 27 مارچ سے 10 اپریل تک بن قاسم پاور اسٹیشن سے استعداد سے کم بجلی پیدا کی گئی، بن قاسم سے ایک ہزار 15 میگاواٹ کے بجائے صرف 647 میگاواٹ بجلی پیدا کی گئی جب کہ بن قاسم کا یونٹ نمبر دو بھی ستمبر سے بند پڑا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔