ایم ڈی اے نے53ایکڑ اراضی لینڈ مافیا سے واگزار کرالی

اربوں روپے مالیت کی زمین پربنے فارم ہاؤسز اور تعمیرات کومسمار کردیاگیا


Staff Reporter April 25, 2018
اراضی پرچوکیداری نظام قائم کیا جائے گا، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل محمد سہیل فوٹو: فائل

ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے اربوں روپے مالیت کی 53 ایکڑ سرکاری اراضی لینڈ مافیا سے واگزار کرالی، قابضین کی جانب سے تعمیرکیے جانے والے بڑے فارم ہاؤسز اور دیگر تعمیرات کو بھاری مشینری سے مسمار کردیا، علاقہ پولیس سمیت پولیس کے اسپیشل اسکواڈ نے آپریشن میں حصہ لیا۔

تفصیلات کے مطابق ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کی ہدایت پر محکمہ انسداد تجاوزات کے افسران اور پولیس نے بھاری مشینری کے ہمراہ مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے تیسر ٹاؤن اسکیم45کے سیکٹر52 میں لینڈ مافیا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 53 ایکٹر قیمتی سرکاری اراضی کو واگزار کرالیا ہے،واگزار کرائی گئی اراضی کی مالیت اربوں روپے بتائی جاتی ہے، لینڈ مافیا نے قیمتی سرکاری اراضی پر بڑے فارم ہاؤسز اور دیگر تعمیرات کرلی تھیں ،مذکورہ اراضی مستقبل کے لیے وقف ہے۔

ایم ڈی اے کے عملے اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھاری مشینری سے ان تعمیرات کو مسمار کردیا،لینڈ مافیا کے کارندے فرار ہو گئے، آپریشن میں سرجانی ٹاؤن پولیس اسٹیشن کی نفری کے ساتھ ساتھ پولیس کے اسپیشل اسکواڈ نے حصہ لیاجس کے باعث کوئی ناخوش گوار واقعہ رونما نہیں ہوا،ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل محمد سہیل نے محکمے کے افسران کو واگزار کرائی گئی اراضی کو دوبارہ لینڈ مافیا سے بچانے کیلیے چوکیداری نظام رائج کرنے سمیت قبضہ مافیا کیخلاف موقع پر ہی کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں