ٹینس رینکنگ مناکو کی2درجے تنزلیجوکووک سرفہرست

آندریس سیپی اور سام کیورے کی 1،1درجے ترقی، ویمنز میں سرینا ولیمز نمبر ون


Sports Desk April 16, 2013
آندریس سیپی اور سام کیورے کی 1،1درجے ترقی، ویمنز میں سرینا ولیمز نمبر ون. فوٹو: رائٹرز/فائل

یوایس کلے کورٹ ٹینس چیمپئن شپ میں اعزاز کے دفاع میں ناکامی نے جوآن مناکو کی عالمی رینکنگ بھی تبدیل کردی، ارجنٹائنی اسٹار دو درجے تنزلی کے بعد 20ویں نمبر پر چلے گئے۔

اس کا براہ راست فائدہ اٹلی کے آندریس سیپی اور امریکی پلیئر سام کیورے کو ایک ایک درجے ترقی کی صورت میں پہنچا، سیپی 18 سے 19 جبکہ کیورے 20 سے 19ویں نمبر پر آگئے، سربیا کے نووک جوکووک کی ٹاپ پوزیشن کو فوری طور پر کسی سے کوئی خطرہ نہیں ہے، اینڈی مرے دوسری جبکہ سوئس ماسٹر راجرفیڈرر تیسرے نمبر پر ہیں، اسپین کے ڈیوڈ فیرر نے چوتھی پوزیشن پر اکتفا کررکھا ہے۔

انجری مسائل کے سبب سیزن کے بیشتر حصے کھیل سے باہر رہنے والے رافیل نڈال کی پوزیشن 5 ہے، اسپینش اسٹار نڈال مونٹی کارلو ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ میں شریک ہیں ، اس ایونٹ میں وہ گذشتہ8 برس سے اجارہ داری قائم کیے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب پیر کو جاری ہونے والی ویمنز ٹینس ورلڈ رینکنگ میں سرینا ولیمز کی حکمرانی برقرار رہی، ماریا شراپووا ان کا تعاقب جاری رکھے ہوئے ہیں۔



بیلاروس کی وکٹوریا آذرنیکا نے تیسری اور پولینڈ کی اگنیسکا ریڈوانسکا نے چوتھی پوزیشن پر قدم جمارکھے ہیں، چینی پلیئر لینا پانچویں، جرمنی کی اینجلیک کیربر چھٹے اور اطالوی پلیئر سارا ایرانی اس مرتبہ بھی ساتویں نمبر پر براجمان ہیں، پولینڈ ایونٹ کے فائنل میں ناکامی کے باوجود جمہوریہ چیک کی پیٹرا کیوٹوا کی آٹھویں پوزیشن قائم ہے، آسٹریلیا کی سمانتھا اسٹوسر نویں اور ڈنیش اسٹار کیرولین ووزینسکی ٹاپ ٹین کی آخری شریک ہیں، روس کی نادیا پیٹرووا نے11ویں پوزیشن سنبھال رکھی ہے،پولینڈ میں ٹرافی اپنے نام کرنے پر روبریٹا ونسی ایک درجے ترقی کے بعد 12ویں نمبر پر آگئیں۔

ان کے لیے جگہ خالی کرنے والی ماریا کریلنکو کو 13واں نمبر ملا، فرانس کی ماریون بارٹولی 14، سلواکین پلیئر ڈومنیکا سبولکووا 15 ویں اور امریکا کی سلونی اسٹیفنز16ویں پوزیشن پر ہیں، سربیا کی سابق ٹاپ پلیئر ایناایوانووک17 اور ہموطن جیلینا جینکووچ 18ویں پوزیشن پر رہیں، روس کی اناستاسیا پاولیچنکووا نے ایک درجے آگے بڑھ کر 19ویں پوزیشن سنبھال لی،جمہوریہ چیک کی کارلا زاکا پولوا کو بھی ایک درجے ترقی نے ٹاپ 20 میں شامل کرادیا۔