کالعدم تنظیم کے سابق امیر سمیت 5 ملزمان گرفتار کرلیے گئے

منیراحمد2010سے2011تک امیررہا،ملزم کی عطرکی دکان میںاسلحہ اوربھتے کی رقم رکھی جاتی تھی،پولیس


Staff Reporter April 30, 2018
عمران منشیات فروش، دانیال، گل اور جمال اسٹریٹ کرمنل ہیں، پرس، رقم اور چوری کی موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔ فوٹو:فائل

پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سہراب گوٹھ کے سابق امیر سمیت5 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ ، منشیات ، موٹرسائیکل اور مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔

پاک کالونی پولیس نے ملزم منیر احمد خان عرف خوشبو والا ، عرف ماما کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم منیر نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ 2010 سے2011 تک سہراب گوٹھ میںکالعدم تحریک طالبان پاکستان کا امیر رہا ہے۔

اس کے کالعدم ٹی ٹی پی عسکری ونگ کے مولوی مصباح الدین ، سہراب عرف عمر ، خان زمان ، اختر زمان ، طیب ، فدا حسین اور ساجد سے قریبی مراسم تھے ، ملزم کی عطر و پرفیوم کی دکان و رہائش گاہ گل ہاؤس میں تھی ، دکان میں علاقے سے جمع ہونے والے بھتے کی رقم و اسلحہ رکھا جاتا تھا ، 2012 میں قاری عثمان جو کوئٹہ سے تحریک طالبا ن کا رکن تھا اس نے ملزم کی دکان میں دھماکا خیز مواد اور دستی بم رکھوائے تھے جو بعد میں ملزم نے نصیب اللہ خان اور خان زمان کو دیے تھے ، گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔

شارع نورجہاں پولیس نے عبد اللہ کالج کے ڈی اے فلیٹ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے2 ملزمان گل محمد اور جمال شاہ کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے اسلحہ ، چھینا گیا پرس ،رقم اور چوری کی گئی موٹر سائیکل برآمد کر لی ، ملزمان خلیل احمد سے لوٹ مار کر کے فرار ہو رہے تھے کہ پولیس موقع پرپہنچ گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں جبکہ وہ اس سے قبل بھی پولیس کے ہاتھوں گرفتار کیے جا چکے ہیں ، عزیز آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم عمران کو گرفتار کر کے منشیات برآمد کر لی ، گرفتار ملزم منشیات فروشی اور دیگر جرائم میں ملوث ہے۔

بریگیڈ پولیس نے جیکب لائن صدر لان کے قریب سروس روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم دانیال عرف ببلو کو گرفتار کر کے اسلحہ اور چھینا گیا موبائل فون برآمد کر لیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ جمشید کوارٹر ، بریگیڈ اور فیروز آباد کے علاقے میں اسٹریٹ کرائم کی درجنوں وارداتیں کیں ہیں ۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں