سلمان خان کے نئے شو ’دس کا دم‘ کا پرومو جاری

ویب ڈیسک  پير 30 اپريل 2018
سلمان خان کا نیا شو ’سونی ٹی وی‘ پر نشر ہوگا۔ فوٹو: انٹرنیٹ

سلمان خان کا نیا شو ’سونی ٹی وی‘ پر نشر ہوگا۔ فوٹو: انٹرنیٹ

 ممبئی: بالی ووڈ سلطان سلمان خان کے مشہور شو ’ دس کا دم ‘ کا پرومو جاری کردیا گیا۔

بھارت میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والا متنازع شو ’بگ باس ‘ کے بعد بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کا ایک اور شو  ’دس کا دم ‘ بھی خاصی اہمیت کا حامل ہے جس میں بالی ووڈ سے وابستہ شخصیات کے ساتھ گیم کھیلا جاتا ہے اور سلو میاں اپنے مخصوص انداز میں میزبانوں کے ساتھ مذاق مستی کرکے شو کو چار چاند لگادیتے ہیں جب کہ یہ شو ایک لمبے وقفے کے بعد دوبارہ سے آن ایئر ہونے والا ہے جس کا پہلا پرومو جاری کردیا گیا ہے۔

بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر معروف ریئلٹی شو’ دس کا دم ‘ کے تیسرے سیزن کا پرومو جاری کردیا جس میں سلمان گیم شو میں حصہ لینے والی لڑکی سے شو کے فارمیٹ کے مطابق ایک سوال کرتے ہیں کہ کتنے فیصد بھارتی لڑکے لڑکیوں کو متاثر کرنے کے لئے انگریزی جھاڑتے ہیں جس پر لڑکی اپنے جواب میں سلمان خان کو شامل کرتے ہوئے 80 فیصد لڑکوں کا جواب دیتی ہے اور درست جواب پر چیک وصول کرتی ہے۔

رپورٹس کے مطابق گیم شو ’دس کا دم 3‘ سونی انٹر ٹینمنٹ پر نشر کیا جائے گا جب کہ اس بار شو کے قوانین میں ترمیم کرتے ہوئے نامور شخصیات کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سلمان خان کی میزبانی میں ہونے والے شو میں کھیل میں شریک شخصیات سے قومی سروے پر مبنی سوالات کئے جاتے ہیں اور ان سے قریب ترین جواب دینے کا کہا جاتا ہے اور ان کے تین جوابات درست ہونے چاہیئے ورنہ وہ کھیل سے باہر ہو جاتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔