ہل پارک جھیل پانی کی کمی اور گندگی کے باعث تباہی سے دوچار

جھیل میں موجود آبی پرندے متاثر ہونے لگے،جھیل میں پانی کا لیول گرگیا،جھیل میں جابجا کچرے کے ڈھیر لگ گئے


Staff Reporter May 02, 2018
ٹائلیں رنگ کھوچکی،جھیل کوپانی فراہم کرنیوالی لائنیں ٹوٹ گئیں،موٹرخراب ہے،شہری پارک میں کچراپھیلاتے ہیں

ہل پارک جھیل تازہ اور صاف پانی کی کمی اور صفائی نہ ہونے کے باعث کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئی کائی زدہ متعفن پانی سے شدید گرمی کے دوران جھیل میں موجود آبی پرندے بھی متاثر ہونے لگے۔

شہر کی تفریح گاہ ہل پارک کی جھیل میں پانی کا لیو ل انتہائی حدتک کم ہوگیا ہے تازہ او رصاف پانی شامل نہ ہونے کی وجہ سے جھیل میں جابجا کچرے کے ڈھیر دکھائی دے رہے ہیں انتہائی کم مقدار میں موجودگدلے اور آلودہ، کائی زدہ پانی کی وجہ سے جھیل میں موجود درجنوں بطخیں، کبوتر،مینا اور پرندے بے حال دکھائی دے رہے ہیں جھیل کی اندرونی دیواروں پر لگی ٹائلیں صفائی نہ ہونے کی وجہ سے اپنا اصل رنگ کھوچکی ہیں جھیل کی آہنی گرل کے اطراف میں روٹیاں پرندوں کو کھلائی جانے والی اشیا جگہ جگہ بکھری دکھائی دے رہی ہیں۔

دوسری جانب سیر کے لیے ہل پارک آنے والے شہریوں کی جانب سے مختلف کھانے پینے کی اشیا کے پھینکے جانے والے خالی پیکٹ جابجا کچرے کی شکل میں جھیل کے اندر موجود ہیں جس کی صفائی کے لیے انتظامات نہیں کیے جارہے جھیل کو تازہ پانی فراہم کرنے والی لائنیں ٹوٹ پھوٹ گئی ہیں جبکہ پانی سپلائی کرنے والا واٹر پمپ بھی خراب ہے ہل پارک انتظامیہ کے مطابق پانی کی پائپ لائنوں کا مرمتی کام چل رہا ہے جس کی تکمیل کے بعد جھیل میں پانی چھوڑا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔