شب برأت پر گلاب کے پھول اور پتیاں مہنگی کردی گئیں

عام دنوں میں 30سے40روپے کلو بکنے والی پتیاں80سے100روپے کلو بیچی گئیں


Staff Reporter May 02, 2018
لوڈشیڈنگ میں برف لگاکر پھول ذخیرہ کیے جس سے لاگت بڑھ گئی،پھول فروش

شب برأت کے موقع پر گلاب کے پھولوں اور پتیوں کی فروخت میں کئی گنا اضافہ ہوگیا طلب پوری کرنے کے لیے حیدرآباد سمیت سندھ کے مختلف علاقوں اور پنجاب کے شہر اوکاڑہ اور پتوکی سے بھی گلاب کے پھول منگوائے گئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں پھولوں کی تھوک فروخت کا مرکز تین ہٹی لیاقت آباد میں واقع ہے جہاں گزشتہ دو روز سے پھولوں کی فروخت میں زبردست اضافہ دیکھا گیا شب برأت کے موقع پر شہری اپنے مرحوم عزیزو اقارب کی قبروں پر فاتحہ خوانی کے لیے جاتے ہیں اور عقیدت کے طور پر گلاب کے پھول اور پتیاں قبروں پر ڈالتے ہیں یہ روایت برس ہا برس سے قائم ہے شب برأت کے موقع پر تین ہٹی کی تھوک مارکیٹ میں 50 سے زاید عارضی اسٹال قائم کیے گئے جہاں گلاب کے پھول اور پتیوں کے علاوہ گیندے موتیا اور کٹ فلاروز بھی فروخت کیے گئے۔

شہریوں کے مطابق ہر سال کی طرح اس سال بھی شب برأت کے موقع پر پھول اور پتیوں کی قیمت میں نمایاں اضافہ کردیا گیا ہے عام دنوں میں 30 سے 40 روپے کلو فروخت ہونے والی پتیاں 80سے 100روپے کلو تک فروخت کی گئیں تازہ گلاب 150روپے کلو تک فروخت کیا جاتا ہے جس کی قیمت 280روپے کلو تک پہنچ گئی، پھول فروخت کرنے والوں کے مطابق شب برأت کے موقع پر شہر میں پھولوں اور پتیوں کی طلب پچاس گنا بڑھ جاتی ہے جسے پورا کرنے کے لیے 4 روز پہلے سے پھولوں کی پتیاں ذخیرہ کرلی جاتی ہیں تاہم سخت گرمی اور لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے پھولوں کے تاجروں کو نقصان کا سامنا کرنا پڑا اور برف لگاکر پھولوں کو محفوظ کیا گیا جس سے لاگت بڑھ گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں