7 لاکھ پولنگ اسٹاف کی تربیت آئندہ ہفتے شروع ہوگی

ضلعی سطح پرتین مراحل میں ورکشاپس منعقد کرکے عملے کو تربیت دی جائے گی


Staff Reporter April 17, 2013
ضلعی سطح پرتین مراحل میں ورکشاپس منعقد کرکے عملے کو تربیت دی جائے گی۔ فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن آئندہ ہفتے ملک بھر میں80 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنوں پر تعینات کیے جانے والے7لاکھ پولنگ اسٹاف کی تربیت کا عمل شروع کرے گا۔

ذرائع کے مطابق پولنگ اسٹاف کی تربیت تین مراحل میں کی جائے گی،پہلے مرحلے میں پولنگ آفیسر ،دوسرے مرحلے میں اسسٹنٹ پریزائیڈنگ آفیسراور آخری مرحلے میں پریزائیڈنگ آفیسرکی تربیت کیلیے ضلعی سطح پر ورکشاپ منعقد کی جائیں گی اور پولنگ اسٹاف کی تربیت کا عمل پانچ مئی تک مکمل کرلیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی اور صوبائی نگراں حکومتوں نے پولنگ کے عمل میں خدمات انجام دینے والے سرکاری ملازمین کی فہرستیں مرتب کرکے الیکشن کمیشن کے حوالے کردی ہیں اور الیکشن کمیشن انتخابی عملے کا کمپیوٹرائزڈ ڈیٹا مرتب کررہا ہے اور انتخابی عمل میں حصہ لینے والے ہر ملازم کو11مئی کو پولنگ کے دن ڈیوٹی سرانجام دینے کے لیے خصوصی کارڈ جاری کیا جائے گا۔