پشاور ہرامیدوار کی سیکیورٹی پر ایف سی کے 5 جوان مامور کئے جائیں گے نگراں وزیراطلاعات

آل پارٹیز کانفرنس میں امیدواروں کی سیکیورٹی کے لئے چاردیواری کے اندر انتخابی مہم چلانے پر اتفاق رائے ہوا


ویب ڈیسک April 17, 2013
آل پارٹیز کانفرنس میں امیدواروں کی سیکیورٹی کے لئے چاردیواری کے اندر انتخابی مہم چلانے پر اتفاق رائے ہوا فوٹو: ایکسپریس

لاہور: خیبرپختونخوا کی نگراں وزیراطلاعات مسرت قدیم نے کہا ہے کہ انتخابات میں حصہ لینے والے ہرامیدوار کی سیکیورٹی پر ایف سی کے 5جوان مامورکئے جائیں گے۔

خیبرپختونخوا کی نگراں وزیر اطلاعات مسرت قدیم نےمیڈیا کوآل پارٹیز کانفرنس میں کئے گئے فیصلوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ امیدواروں کی سیکیورٹی کے لئے چاردیواری کے اندر انتخابی مہم چلانے پر اتفاق رائے ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے 3 دن تک سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعلیٰ نے صدر آصف زرداری سے ایف سی کی واپسی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

کانفرنس میں شریک تمام جماعتوں کے نمائندوں نےاے پی سی میں کئےگئے فیصلوں پر اتفاق کیا، اس موقع پر تمام سیاسی جماعتوں نے اپنی تجاویزبھی پیش کیں جن پر سنجیدگی سے غور کیا گیا، کانفرنس میں پشاور میں گزشتہ روز اے این پی کے جلسے سے قبل ہونے والے دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی جب کہ نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا طارق پرویز نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری مساجد، بازاراور سیاسی جماعتوں کےامیدوارسمیت کچھ بھی اب محفوظ نہیں رہا۔

آل پارٹیز کانفرنس میں اے این پی کے صوبائی صدر افراسیاب خٹک، میاں افتخار حسین، جماعت اسلامی کے شبیر احمد جان، جے یو آئی(ف)کے جلیل جان ، پپپلزپارٹی کے اعظم آفریدی سمیت دوسرے قائدین نے شرکت کی ۔