کروڑوں کے فراڈ میں ملوث قیدی جیل سے غائب

عدالت کے کئی بارطلب کرنے پرملزم شوکت کوپیش نہیں کیا گیا،مدعی مقدمہ نے عدالت میں ملزم کے جیل سے فرارکا انکشاف کیا


Staff Reporter May 06, 2018
قیدی شوکت حکم کے بغیرکیسے رہاہوا،کہاںگیا،کس نے فرارکرایا،ذمے دارکون ہے،سپرنٹنڈنٹ ملیرجیل کوشوکازنوٹس جاری۔ فوٹو: فائل

جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر نے کروڑوں روپے فراڈ کے کئی مقدمات میں ملوث قیدی کے جیل سے غائب ہونے پر شدید برہمی کا اظہارکیا۔

مدعی مقدمہ نورزادہ نے اپنے وکیل کے ہمراہ جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت میں پیش ہوئے اور انکشاف کیا کہ فاضل عدالت نے ملزم شوکت حیات کو کئی بار طلب کیا لیکن جیل حکام کی جانب سے ملزم کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا،وکیل کے انکشاف پر عدالت کو بھی تشویش ہوئی۔

اس موقع پر مدعی نے قیدی کے جیل سے فرار ہونے کا انکشاف کیا،عدالت نے کروڑوں روپے فراڈ کے کئی مقدمات میں ملوث قیدی کے اچانک غائب ہونے پر سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل ملیر کو شوکاز نوٹس جاری کیا۔

شوکاز نوٹس میں عدالت نے سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل ملیر سے استفسار کیا ہے کہ بتایا جائے کی قیدی کہاں گیا اور اسے جیل سے کس نے فرار کرایا اور قیدی کے جیل سے فرار ہونے کا ذمے دار کون ہے۔

شوکاز نوٹس میں عدالت کی جانب سے مزید استفسار کیا گیا ہے کہ قیدی کب سے غائب ہے،عدالت کو اس حوالے سے کیوں آگاہ نہیں کیا گیا اگر قیدی کو رہا کیا گیا ہے تو اسے عدالتی احکام کے بغیر کیسے رہا کیا گیا عدالت نے قیدی کی جیل میں موجودگی کا تمام ریکارڈ بھی طلب کرتے ہوئے کارروائی ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ ملزم شوکت حیات کو 95 لاکھ روپے کے فراڈ کیس میں اسٹیل ٹاؤن تھانے نے گرفتار کیا تھا ،ملزم شوکت حیات کے خلاف تھانہ شاہ لطیف ٹاؤن اور سکھن تھانے میں فراڈ کے مقدمات درج تھے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں