7 روزہ انسداد پولیو مہم کل سے شروع کرنے کا اعلان

مہم میں19لاکھ بچوںکو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے،170 یونین کونسلوں میں مہم چلائی جائے گی


Staff Reporter May 06, 2018
والدین5سال تک کے بچوں کوہرمہم میں حفاظتی قطرے پلائیں اس سے بچوں کی قوت مدافعت بڑھے گی۔ فوٹو: فائل

کراچی میں7 روزہ انسداد پولیو مہم پیر سے شروع ہوگی اور مہم میں19 لاکھ زائد بچوں کو پولیوکے قطرے پلائے جائیں گے۔

کراچی میں 7 روزہ انسداد پولیو مہم پیر سے شروع ہوگی اس بات کا فیصلہ کمشنرکراچی اعجاز احمد خان کی زیرصدارت اجلاس میںکیاگیا اجلاس میں ڈی آئی جی پولیس جنوبی آزاد خان، تمام ڈپٹی کمشنرز، صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے افسران، ڈسٹرکٹ اور ٹاؤن ہیلتھ افسران، عالمی ادارہ صحت کی ٹیم لیڈر، یونیسف، بل گیٹس فاؤندیشن، روٹری کلب کے نمائندے،کمشنر کراچی پولیو ٹاسک فورس کے کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر نصرت علی، ڈائریکٹر ہیلتھ ، محکمہ صحت کے افسران ، پولیس اور رینجرزکے افسران نے شرکت کی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مہم میں 19 لاکھ زائد بچوںکو پولیوکے قطرے پلائے جائیں گے۔

کراچی کی 170 یونین کونسلوں میں مہم پر عملدرآمد کیا جائے گا، انسداد پولیو مہم کے لیے 8 ہزار پولیو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، والدین کا تعاون حا صل کر نے کے لیے کوششوں کو موثر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا ہے۔

کمشنر کراچی نے اجلاس میں کہا کہ مہم کو موثر بنانے اور رہ جانے والے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لیے آگاہی مہم شروع کر نے کی ضرورت ہے جس کے ذریعے والدین میں شعور اجاگر کرنے میں مدد ملے گی اور وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی جانب راغب ہوں گے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ والدین میں پولیو ویکیسین کی افادیت اور اہمیت کے بارے میں شعور اجاگر کرنے اور ان کا تعاون حاصل کر نے کے لیے جامع منصوبہ بندی کے ساتھ ذرائع ابلاغ کی مدد سے ترغیبی مہم شروع کی جائے گی کمشنر نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ اس سلسلے میں اقدامات کریں۔

کمشنر نے کہا کہ ترغیبی مہم میں الیکٹرانک میڈیا ، پرنٹ میڈیا اور سوشل میڈیا کو ترغیبی مقاصد کے ساتھ جدید انداز اور تقاضوں کے مطابق استعمال کیا جائے گا جس کے ذریعے اس بات کو واضح طور پر اجاگر کیا جائے کہ پولیو ویکسین محفوظ ہے اور اس سے آپ کے بچے کی زندگی محفوظ ہوگی کمشنر نے والدین سے اپیل کی کہ وہ 5 سال اور اس سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے ہر مہم میں پلائیں بار بار قطرے پلانے سے ان میں قوت مدافعت بڑھے گی اور وہ پولیو وائرس سے محفوظ رہیں گے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی سمیت سندھ میں گزشتہ سال کوئی بھی پولیو کیس سامنے نہیں آیا، اجلاس کو بتایا گیاکہ کراچی سندھ اور ملک بھر کی تاریخ میں بہت کم پولیو کیس ہوئے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پولیو ویکسین محفوظ ہے اور بچوں کو اس سے فائدہ ہوا ہے سعودی عرب اور دیگر اسلامی ممالک سمیت ساری دینا میں اسی ویکسین سے پولیو کا خاتمہ کیا گیا ہے۔

کرنل رٹائرڈ شاہد محبوب نے اجلاس کو سیکیورٹی کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی انھوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں پولیس کا بھرپور تعاون حاصل ہے انسداد پولیو مہم میں سیکیورٹی کے فول پروف اقدامات کیے جائیں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں