کلی الماس میں فورسز کا آپریشن، کالعدم لشکر جھنگوی بلوچستان کا سربراہ ہلاک

ویب ڈیسک  جمعرات 17 مئ 2018
ہلاک دہشت گرد 100 سے زائد پولیس اہلکاروں اور ہزارہ کمیونٹی افراد کے قاتل تھے، آئی ایس پی آر ۔ فوٹو : فائل

ہلاک دہشت گرد 100 سے زائد پولیس اہلکاروں اور ہزارہ کمیونٹی افراد کے قاتل تھے، آئی ایس پی آر ۔ فوٹو : فائل

 راولپنڈی: آپریشن رد الفساد کے تحت سیکیورٹی فورسزکی کلی الماس میں کارروائی کے دوران کالعدم لشکر جھنگوی بلوچستان کا سربراہ  3 دہشت گردوں سمیت مارا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملک بھر میں آپریشن رد الفساد کامیابی سے جاری ہے جس کے تحت سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے کلی الماس میں خودکش بمباروں کی اطلاع پر کارروائی کی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کا دہشت گردوں سے مقابلہ ہوا جس میں ملٹری انٹیلی جنس کے کرنل سہیل عابد شہید اور 4 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے جب کہ کارروائی میں کالعدم لشکر جھنگوی بلوچستان کا سربراہ سلمان بادینی 3 دہشت گردوں سمیت مارا گیا جن میں 2 خودکش بمبار بھی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد 100 سے زائد پولیس اہلکاروں اور ہزارہ کمیونٹی افراد کے قاتل تھے جب کہ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں گولہ بارود اور دیگر اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔